Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے221 تھرپارکر:ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

مٹھی:قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221تھرپارکر کے ضمنی انتخاب میں...
اپ ڈیٹ 22 فروری 2021 02:52pm

مٹھی:قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221تھرپارکر کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا،پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ ایک لاکھ 2ہزار 232ووٹ لے کر کامیاب قرارپائے جبکہ تحریک انصاف کے نظام الدین راہموں 52ہزار 522ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تھرپارکرمیں قومی اسمبلی کے حلقےاین اے 221کے ریٹرننگ افسر روشن علی مستوئی نے انتخابی نتائج کا اعلان کردیا، رٹرننگ افسر نے 22فروری کی صبح 6.30بجے موصول ہونے والے نتائج کا اعلان کیا ۔

حلقے کے تمام 318پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی حلقے کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ جیلانی نے ایک لاکھ 2ہزار 232 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین راہموں 52 ہزار 552 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان کےگل حسن نے1707ووٹ حاصل کئے جبکہ ایم کیو ایم کے امیدوار کیلاش 177 ووٹ حاصل کرسکے، پیپلزپارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے بھرپور جشن منایا ۔

این اے 221 میں مرد ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 57ہزار 900 تھی جس میں سے 87ہزار 935 مرد ووٹرز نے ووٹ کا کاسٹ کیا ،اسی طرح خواتین ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 24ہزار 801 تھی جس میں سے 78ہزار 61 خواتین کے ووٹ کاسٹ ہوئے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد 1لاکھ 60ہزار 459ہے،اسی طرح خارج ووٹوں کی تعداد 5ہزار 537 ہے ،ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 58.88%فیصد رہی ۔

این اے 221 تھرپار :شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن کو آگ لگادی

حلقہ این اے 221 تھرپار کے ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران قیصرار سمون میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن کو آگ لگادی، جس سے پولنگ اسٹیشن میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جہاں سے پی ٹی آئی کے امان اللہ سمون سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 221 سے پیپلز پارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی کامیاب ہوئے تھے تاہم چند ماہ قبل یہ نشست ان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

tharparkar

PPP

National Assembly

by election

NA 221