Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

تھر پارکر کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی جارہی ہے، خرم شیر زمان کاالزام

کراچی :پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نےالزام...
شائع 21 فروری 2021 01:28pm

کراچی :پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نےالزام لگاتےہوئے کہا ہے کہ تھرپارکر کےضمنی الیکشن میں دھاندلی کی جارہی ہے،پیپلز پارٹی کے کہنے پر پولیس غنڈہ گردی کر رہی ہے،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کردیا گیا۔

انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی غریبوں کو اٹھانے اور پریشان کرنے میں خاصی شہرت رکھتی ہے، پولیس کے ذریعے سندھ حکومت نے بہت کچھ غلط کیا ہے۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت پولیس کو استعمال کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے ،پولیس کے زریعے گھروں میں رات میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر کے تحریک انصاف کے ورکرز کو پریشان کیا جا رہا ہے۔

رہنماء پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ماں بہنوں کے سامنے ورکرز کو گھروں سے گھسیٹ کر لے جایا جا رہا ہے ،ورکرز کو کبھی فیروزآباد تھانے اور کبھی اسٹیل ٹاؤن تھانے لے جاتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کے کمرے میں کبھی سانپ چھوڑا جا رہا ہے ، کبھی غنڈوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کس چیز کا خوف ہے ہمیں سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا چاہ رہے ہیں، اس وقت تحریک انصاف کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پیپلز پارٹی ہمیں احتجاج پر مجبور کر رہی ہے ، پورے شہر کو بند کرنا ہمارے لئے بڑی بات نہیں۔

خرم شیر زمان نے مزیدکہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو شرم آنی چاہیئے،پی ایس 88 کے الیکشن کی تصدیق ہونی چاہیے , ملیر میں کونسی دودھ کی نہریں بہہ رہی ہی، وزیر اعلی سندھ پر نیب کیسز ہیں ان کیخلاف آواز اٹھانا ہمارا قصور ہے ۔

پریس کانفرنس میں خرم شیر زمان کے ہمراہ دیگر تحریک انصاف کے رہنما ءبھی موجود تھے۔

tharparkar

karachi

Election

khurram sher zaman