این اے پچھہتر ڈسکہ، دو افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج
این اے پچھہتر ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دو افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پولنگ کے دوران ہونے والے جھگڑے میں مسلم لیگ نون کے کارکن جاوید کی فائرنگ سے اس کا اپنا بھتیجا ذیشان اور پی ٹی آئی کا کارکن ماجد ہلاک ہوئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے پچھہتر ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے دوران فائرنگ سے جان بحق دو افراد کا مقدمہ پی ٹی آئی کارکن ماجد کے بھائی قمر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران مدعی قمر اور مسلم لیگ نون کے کارکن ذیشان کے درمیان تکرار ہوئی اور اس نے مسلم لیگ نون کے پولنگ ایجنٹ خالد کے ساتھ ملکر پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ ساجد کو تشدد کا نشانہ بنایا جسے بچانے کیلئے مدعی کا دوسرا بھائی ماجد بھی درمیان میں آ گیا۔
مدعی کے مطابق موقع پر پہنچنے والے مسلم لیگ نون کے کارکن جاوید ولد سلطان نے اپنے پستول سے فائرنگ شروع کر دی جس کا نشانہ بننے والا اس کا اپنا بھتیجا ذیشان موقع پر جاں بحق ہو گیا، اس کے بعد ملزم جاوید نے طیش میں آکر اپنے ساتھیوں کے ساتھ اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مدعی کا بھائی ماجد جاں بحق اور ساجد زخمی ہو گیا۔ مقدمے میں لیگی کارکن جاوید بٹ سمیت چھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.