Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ کی گاڑی پر فائرنگ

کراچی :ملیرکے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءحلیم...
شائع 16 فروری 2021 01:46pm

کراچی :ملیرکے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءحلیم عادل شیخ کی گاڑی پرفائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے،حلیم عادل شیخ نے فائرنگ کاالزام پیپلزپارٹی پر عائد کیا ہے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گاڑی بلٹ پروف ہے،پیپلزپارٹی کےکارکنوں نےپولیس کی موجودگی میں حملہ کیا،تھانےجارہا ہوں،مقدمہ درج کراوں گا۔

اس سے قبل حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ بلاول کے کہنے پر مراد علی شاہ نے حلقے میں کرمنلز کو بلایا ہے، پیپلز پارٹی کا کرمنل گینگ ہم پر حملہ کرسکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ 50 سال سے پیپلزپارٹی کو ووٹ دے رہے تھے، ملیر کی زمینوں پر قبضے ہوگئے، بلاول کے کہنے پر مراد شاہ نے یہاں کرمنل لوگ منگوائے ہیں، آج پولیس کی مدد سے کوئی مسئلہ کھڑا کیا جائے گا، ڈی جی رینجرز اور دیگر ادارے ان پر نظر رکھیں۔

دوسری جانب رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کی جانب سے ضمنی الیکشن میں اسلحے کی نمائش پر پی پی سینٹرل الیکشن سیل نے الیکشن کمیشن کو تحریری شکایات جمع کروا دیں۔

پیپلز پارٹی کی درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل مسلح افراد کے ہمراہ پی ایس88 میں ووٹرز کو ہراساں کررہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر سے مسلح افراد کو انتخابی حلقے سے باہر نکالنے کی درخواست کی گئی ہے۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے انہیں حلقے سے باہر رکھنے کا حکم دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کراچی کے حلقے پی ایس 88 میں ضمنی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دی گئی کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اسلحے کے زور حلقے میں ووٹرز کو ہراساں کر رہے ہیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے مسلح افراد کو انتخابی حلقے سے باہر رکھنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

معاملے پر حلیم عادل شیخ نے موقف اختیار کیا کہ ان کی گاڑی پر پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی گئی۔ دریں اثنا حلقے میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنان ایک دوسرے سے الجھتے رہے اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آئے۔

karachi

by election

Haleem Adil Sheikh