جسٹس محسن اختر کیانی نے اسد درانی کا کیس سننے سے معذرت کرلی
اسلام آباد:اسد درانی کیس میں نیا موڑ آگیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا کیس سننے سے معذرت کر لی، چیف جسٹس ہائیکورٹ کیس پر سماعت کیلئے نئے بینچ کا فیصلہ کریں گے۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی تاہم جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پر مزید سماعت سے معذرت کر لی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کیس کا سارا بیک گراونڈ جانتا ہوں، فیصلہ بھی لکھنے کے مرحلے میں تھا، یہ افسوسناک ہے لیکن کچھ ایسی وجوہات ہیں جو بتانا نہیں چاہتا ۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ میں یہ کیس چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھیج رہا ہوں، وہ ہی اس کیس پر سماعت کیلئے نئے بنچ کا فیصلہ کریں گے۔
گزشتہ سماعت پر وزارت دفاع نے تحریری جواب میں عدالت کو بتایا تھا کہ اسد درانی 2008 سے دشمن عناصر بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے رابطوں میں رہے، ان کا نام ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)اسد درانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
Comments are closed on this story.