خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماءخواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر پرعملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے کہا کہ جہاں جمہوریت ہو کیا وہاں سیاسی لوگ ہائیکورٹ آتے ہیں؟ ہم مداخلت نہیں کر سکتے، تنازع حل نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کریں، پارلیمنٹ کے احترام میں عدالت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
محسن شاہنواز نے مؤقف اپنایا کہ پروڈکشن آرڈر جاری ہوچکے مگر سیکرٹری قومی اسمبلی اس پر عملدرآمد نہیں کررہا۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ سیکرٹری ، اسپیکر کے احکامات پر کیسےعمل نہیں کرسکتا، آپ اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں، عدالت پارلیمنٹ کا احترام کررہی ہے تو سیاسی لیڈر شپ کیوں نہیں کررہی ،اداروں کا احترام تب ہوگا جب عدالتیں ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گی، اسمبلی چلانا آپ لوگوں کا کام ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ 70سال سے ہم نے پارلیمنٹ کا احترام نہیں کیا، وہاں مسئلہ حل نہ تو پھر یہاں بیان دیں کہ پارلیمنٹ نا کام ہو گئی ہے، درخواست کو زیر التواء رکھ رہے ہیں، ابھی کسی کو نوٹس جاری نہیں کررہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت 23 فروری تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed on this story.