Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں کورونا سے بچاؤ کیلئے 10 ویکسی نیشن سینٹرز میں انتظامات مکمل

کراچی میں کورونا سے بچاؤ کیلئے 10ویکسی نیشن سینٹرزمیں انتظامات...
اپ ڈیٹ 02 فروری 2021 02:38pm

کراچی میں کورونا سے بچاؤ کیلئے 10ویکسی نیشن سینٹرزمیں انتظامات مکمل کرلئے گئے، پہلے مرحلے میں صحت کے عملے کو ویکسین لگائی جائے گی۔

سندھ حکومت کل سے کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کررہی ہے ، پہلے مرحلے میں سندھ کے 10 اضلاع میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اس وقت ایک لاکھ سترہزار فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہیں ، دوسرے مرحلے میں ساٹھ یا اس سے زائد عمر کے افراد میں ویکسین لگائی جائے گی جبکہ تیسرے مرحلے میں اٹھارہ سال سے بڑی عمر کے افراد کو ویکسین فراہم کی جائے گی۔

حکام کےمطابق اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی، جو اپنے آپ کو کورونا ویکسین کیلئے رجسٹر کروانا چاہتے ہیں وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائل فون سے ڈبل ون ڈبل سکس پرایس ایم ایس کریں ۔

رجسٹریشن کیلئے این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ کا استعمال بھی کیا جا سکے گا، آپ کے شناختی کارڈ کے موجودہ پتے کے مطابق آپ کو قریبی ویکسین سنٹر کا پتہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا۔

رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے ایک مخصوص تاریخ اوروقت بتا کر ویکسین لگانے کیلئے بلایا جائے گا اور اس کے ساتھ صارفین کو ایک کوڈ میں بھی موصول ہوگا، اگر آپ دیئے گئے ویکسین سینٹر پر نہیں جا سکتے تو آپ ڈبل ون ڈبل سکس پرکال کر کے یا این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا سنٹر تبدیل کروا سکتے ہیں۔

شہریوں کو ان کیلئےمختص کردہ ویکسین سنٹر پر ہی بتائی گئی تاریخ اور وقت پر جانا ہوگا، تمام ویکسین سینٹر پر معلوماتی کاؤنٹرز بنائیں گئے ہیں جہاں ویکسین کیلئے آنے والے تمام افراد کے نام، عمر اور درجہ حرارت کا اندراج کیا جائے گا۔

اس کے بعد ان کی شناخت کی تصدیق کیلئے تصدیق کنندہ ڈیسک کی طرف بھیجا جائے گا جہاں ان کی شناختی کارڈ نمبر اور ایس ایم ایس پر موصول ہونے والے کوڈ کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔

شناخت کی تصدیق کے بعد انہیں تربیت یافتہ عملے کی جانب سے ویکسین لگائی جائے گی،ویکسین لگنے کے بعد کم از کم آدھے گھنٹے کیلئے ویکسین ستنٹر میں ہی بٹھایا جائے گا اور اس دوران ان افراد کی مانیٹرنگ کی جائے گی کہ کہیں ان میں کسی قسم کے کوئی منفی اثرات ظاہر نہ ہوں۔

اس ویکسین کی دو خوراکیں ہیں، پہلی خوراک کے 21دن کے بعد دوسری خوراک دی جائے گی جس کیلئے دوبارہ ویکسین کے مرکز آنا ہوگا۔

coronavirus

karachi

corona vaccine