Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

چاہوں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت گرا سکتا ہوں، پرویز خٹک

وفاقی وزیر دفاع و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے...
شائع 31 جنوری 2021 12:57pm

وفاقی وزیر دفاع و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر چاہوں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت گرا سکتا ہوں، لیکن عمران خان کے احسانات کی وجہ سے ایسا نہیں کروں گا۔

ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ وہ چاہیں تو ایک دن میں عمران خان کی حکومت کو گرا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس کا ساتھ دیتا ہوں وہ آسمان پر پہنچ جاتا ہے، جن کو اختیارات دیتا ہوں وہ آسمان پر پہنچ جاتے ہیں، جس کا ساتھ چھوڑ دوں وہ صفر ہو جاتا ہے۔ اپوزیشن والے میری عزت کرتے ہیں اس لئے میں بھی ارکان اسمبلی کا خیال رکھتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات کے باعث میرے خاندان کے لوگ اپوزیشن کے ساتھ مل گئے، لیکن میں بتا دوں کہ مجھے سیاست میں کوئی دھوکا نہیں دے سکتا۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک خاندان میں اختلافات نے نوشہرہ کا سیاسی نقشہ تبدیل کر دیا، صوبائی وزیر آب پاشی لیاقت خان خٹک کے بیٹے اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھتیجے سابق تحصیل ناظم نوشہرہ احد خٹک کا نوشہرہ کلاں میں بھر پور سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا، جس مں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نوشہرہ کلاں کے چاروں یونین کونسلز کے سابق ناظمین، کونسلرز، ڈسٹرکٹ ممبران اور نوشہرہ کلاں کے معززین نے احد خٹک اور لیاقت خٹک کو آئیندہ کے سیاسی لائحہ عمل تشکیل دینے کا اختیار دے دیا۔

اس سلسلے میں سابق تحصیل ناظم احد خان خٹک نے ہوتی خیل پارک نوشہرہ میں ایک بڑی عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ میں انتقامی سیاست ہو رہی ہے اور اس کی اصل وجہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو ڈرانے، دھمکانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ نہ کرپٹ ہیں اور نہ کسی کو کرپشن کرنے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم اے نوشہرہ میں غریب نوجوانوں کے روزگار دیا تھا اور مجھ سے الزام بھی اختیارات سے تجاوز کا لگایا گیا تھا۔ غریبوں کیلئے ہر قسم قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن اپنے ساتھیوں کی عزت نفس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے میرے اور میرے ساتھیوں کے خلاف سرکاری افسران کے زریعے سیاسی انتقام بند کیا جائے، ایسا نہ ہو کہ سرکاری افسران اور اہلکاران کو میرے ساتھیوں کے خلاف سیاسی انتقام مہنگا پڑے اور ان کو لینے کے دینے نہ پڑ جائے۔

imran khan

Pervez Khattak