Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا نئی سرد جنگ سے باز رہے، صدر شی جن پنگ

چین نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن انتظامیہ کو انتباہ کیا ہے ...
اپ ڈیٹ 26 جنوری 2021 10:46am

چین نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن انتظامیہ کو انتباہ کیا ہے کہ امریکا نئی سرد جنگ سے باز رہے۔

عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ بیجنگ اور اقتصادی ماڈل کے خلاف محاذ آرائی کی کوشش نئی سرد جنگ کو جنم دے سکتی ہے۔

صدر شی جن پن نے کہا کہ پابندیاں اور تنہا کرنے کی سازشیں دنیا کو تقسیم کرنے اور تصادم کا سبب بنیں گی، کوئی بھی غلط اقدام مسلح تنازعے کی راہ ہموار کرے گا۔

خیال رہے کہ نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ وہ پہلے ہی برس عالمی اجلاس بلائیں گے اور چین جیسی مطلق العنان حکومتوں کے خلاف جمہوریتوں کا محاذ بنائیں گے۔

صدر شی کا علامی اقتصادی فورم میں خطاب کے دوران مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں دنیا کو یکجا ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے چین کو بہت محنت کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جب پوری انسانیت خطرے میں ہے تو چین ضرور ایک قدم آگے بڑھا کر اپنا فریضہ ادا کرے گا۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں آزاد عالمی معیشت تعمیر کرنا ہے، جس میں تمام فریقین کے مفادات کا تحفظ کرنے والی تجارتی پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے نظام اور اصول نہیں ہونے چاہئیں جو تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں بلند دیواریں اور رکاوٹیں حائل کرنے کا باعث بنیں۔

Joe Biden

Chinese President

Xi Jinping

Cold War