Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

مریم نواز کو 50،50 لاکھ کے تحفے کون دیتا رہا؟

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ...
شائع 26 جنوری 2021 09:34am

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کھوکھر برادران کے قبضے سے کروڑوں کی سرکاری اراضی واگذار کروالی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔

پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا نے بھاری رقوم رشوت کے طورپر لیں اور سرکاری اراضی پر قبضے کروائے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران نے مریم نواز کو پچا س پچاس لاکھ روپے کے پرس گفٹ کئے اوربدلے میں کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی پر قبضے کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرتی تھی اور قبضہ مافیا ان کو خوش رکھنے کے لئے مہنگے گفٹ دیتا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ پنجاب حکومت کھوکھر برادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرا چکی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور میں کسی سیاسی دباؤ کے بغیر قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کی نگرانی خود وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی۔

فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کے رہنماؤں پر مشتمل 50 افراد کی فہرست بھی میڈیا کے سامنے پیش کی اور الزام لگایا کہ مختلف شہروں میں ان افراد نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کررکھا ہے۔

فہرست میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف،خرم دستگیر، میاں جاوید لطیف، محسن شاہنواز رانجھا، چوہدری تنویر، سیف الملوک کھوکھر، میاں نصیر، سہیل شوکت بٹ، رانا مبشر، دانیال عزیز، وحید گل سمیت 50 لیگی رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا کلچر کھوکھر برادران نے متعارف کرایا۔

سرکاری سرپرستی میں انہوں نے قبضے کئے،لاہور پنجاب سمیت ملک بھر میں جہاں بھی قبضے کئے سب واگزار کرائیں گے۔ ان کی سرپرستی مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور ایم پی اے نے کی،شاہی خاندان نے انہیں ہمیشہ قبضے کے لئے مدد فراہم کی۔ کھوکھر برادران مسلم لیگ ن کا چہرہ ہیں، ان کی سیاسی جلسے جلوس اور فنڈنگ کھوکھر برادران کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا ہے کہ کھوکھر برادران نے قومی خزانہ کو بھاری نقصان پہنچایا، سرکاری افسران کی مدد سے 402 کنال زمین ہم نے واگزار کروالی ہے۔ مافیا نے ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائی ہیں، سرکاری زمینوں پر تجاوزات قائم کی ہیں۔ ان سب سے قبضے کی زمینیں واپس لی جائیں گی۔

Maryam Nawaz

Firdous Ashiq Awan