Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی نوجوانوں نے نئی دہلی میں ''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے لگا دیئے

بھارتی نوجوانوں نے دارالحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر کھڑے ہو کر...
شائع 25 جنوری 2021 09:10am

بھارتی نوجوانوں نے دارالحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر کھڑے ہو کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔ پولیس نے اس فعل کو جرم قرار دیتے ہوئے 5 نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ نئی دہلی میں بھارتی یوم جمہوریہ سے کچھ دن قبل پیش آیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی حکام سیخ پا ہو گئے اور پولیس کو حکم دیا کہ اس میں موجود نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند نوجوان لڑکے اور لڑکیاں نئی دہلی کی سڑکوں پر اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گزر رہے ہیں اور اس دوران رک کر انہوں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی نوجوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی پرچم کو لہرانے کے واقعات بھی میڈیا کی زینت بنتے رہتے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل تاج محل کے دورے پر آئے نوجوانوں نے بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانا شروع کر دیئے تھے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

اس کے علاوہ ایک نوجوان خاتون نے بھری تقریب میں مائیک کے سامنے کھڑے ہو کر جب پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے تو سب پر سکتا طاری ہو گیا تھا۔

اس تقریب میں متعدد سیاستدان بھی شریک تھے جن پر پاکستان کے حق میں نعرے سن کر سکتا طاری ہو گیا تھا۔ اس موقع پر موجود سیکیورٹی نے فوری طور پر اس خاتون کو گرفتار کر لیا تھا لیکن وہ پھر بھی پاکستان زندہ باد نعرے لگانے سے باز نہیں آئی تھی۔

New Delhi