Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

جو بائیڈن نے امریکی نیشنل گارڈز سے معافی مانگ لی

امریکی صدر جوبائیڈن نے کار پارکنگ میں سونے پر نیشنل گارڈز سے...
اپ ڈیٹ 24 جنوری 2021 11:26am

امریکی صدر جوبائیڈن نے کار پارکنگ میں سونے پر نیشنل گارڈز سے معذرت کرلی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سابق صدر ٹرمپ کے آخری ایام میں کیپیٹل ہل حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کے لیے 25 ہزار نیشنل گارڈز کو سکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

امریکی صدر کی تقریب حلف برداری کے لیے سکیورٹی پر تعینات نیشنل گارڈز کی کیپٹل ہل کی کار پارکنگ میں سوتے ہوئے تصاویر سامنے آئی تھیں جس پر بعض امریکی سیاستدانوں اور کچھ ریاستوں کے گورنرز نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اہلکاروں کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر امریکی صدر جوبائیڈن نے نیشنل گارڈ بیورو کے سربراہ سے ملاقات کی اور ان سے واقعے پر معذرت کی جب کہ امریکی صدر کی اہلیہ خاتون اول جِل بائیڈن نے بھی کچھ نیشنل گارڈز سے ملاقات کی اور ان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کیا۔

جوبائیڈن کی اہلیہ نے نیشنل گارڈز کو وائٹ ہاؤس کی طرف سے بطور تحفہ بسکٹ بھی پیش کیے۔

امریکی صدر کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ یہاں آکر مجھے اور میرے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے پر آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتی تھی۔

امریکی سینیٹر ٹِم اسکاٹ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں نیشنل گارڈز کی کار پارکنگ ایریا میں لیٹے ہوئے تصاویر پوسٹ کیں اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

Joe Biden