Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارتی ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس آنا شروع، لوگ بیمار ہونے لگے

بھارت میں عالمی وبا کے تدارک کیلئے ملکی سطح پر تیار کی گئی ...
شائع 18 جنوری 2021 12:01pm

بھارت میں عالمی وبا کے تدارک کیلئے ملکی سطح پر تیار کی گئی ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس آنا شروع ہو گئے ہیں، لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور وہ ٹیکے لگوانے سے اجتناب کر رہے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں گزشتہ روز صفائی کے شعبے سے وابستہ ملازمین کو حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں 150 سینٹرز قائم کئے گئے تھے جن میں ایک اندازے کے مطابق تقریباً 10 ہزار شہریوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے، تاہم خبریں ہیں کہ ٹیکے لگوانے والے متعدد افراد کی صحت خراب ہونا شروع ہو چکی ہے۔

عالمی وبا کی ویکسین لگوانے والوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ایسے افراد کی آنکھیں سرخ ہو رہی اور انہیں شدید گھبراہٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے مریضوں نے جب وبائی مرض کے تدارک کیلئے بنائے گئے سینٹرز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس کی خبریں میڈیا میں آنے کے بعد بھارتی شہری مقامی سطح پر بنائی گئی اس دوائی کو استعمال کرنے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ ان کے دلوں میں خوف بیٹھ چکا ہے۔

ادھر بھارت کے طبی ماہرین نے حفاظتی ٹیکوں کے بعد طبعیت خراب ہونا یا دیگر علامات کو عام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے شہریوں کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے، وہ بلا خوف وخطر ویکسی نیشن کرائیں۔

اس کے علاوہ مدھیہ پردیش کے علاقے ڈنڈوری سے خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہاں صفائی ملازمین کو لگائی جانے والے ٹیکوں سے متعدد کی حالت خراب ہو چکی ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان تمام افراد کو عالمی وبا سے بچنے کیلئے ٹیکے لگائے گئے تھے۔

COVID 19 vaccine

Side Effects