Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

امید ہے سیریز کے نتائج شاندار ہوں گے، ہیڈکوچ مصباح الحق

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی...
شائع 16 جنوری 2021 10:44pm

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں کبھی بھی آسان حریف نہیں رہی تاہم مہمان ٹیم 14 سال بعد پاکستان کے میدانوں میں کرکٹ کھیلے گی، جس کا ایڈوانٹیج پاکستان کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس مہمان ٹیم کے خلاف اپنے ٹیسٹ ریکارڈ کو بہتر بنانے کا یہ ایک سنہری موقع ہے۔

ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل یہ دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، ہم ان دونوں میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔

مصباح الحق نے کہا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ میچز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اہم ہے، وہ پراعتماد ہیں کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لہٰذا انہیں امید ہے کہ سیریز کے نتائج بھی شاندار ہوں گے۔

Misbah ul Haq

pak head coach

home series

pak vs sa test series 2021

pak vs sa