Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اشرفیہ نے بیرون ملک غیر قانونی اثاثے محفوظ کرنے کیلئے این آراو کا سہارا لیا، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکمراں اشرفیہ...
شائع 13 جنوری 2021 11:20am

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی حکمراں اشرفیہ نے بیرون ملک غیرقانونی اثاثے محفوظ کرنے کیلئے این آراو کا سہارا لیا، براڈ شیٹ کے انکشافات آغاز ہیں ،جاننا چاہتے ہیں کہ تحقیقات کس نے رکوائیں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے ماضی کے حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ پاناما پیپرز نے ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کو عیاں کیا تو اب براڈ شیٹ نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کو بڑے پیمانے پر بے نقاب کردیا ,یہ اشرفیہ انتقامی کارروائی کے کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بار بار اشرافیہ کا بے نقاب ہونا کرپشن کیخلاف میری 24 سال کی جدوجہد کو بیان کر رہا ہے، یہ اشرافیہ حکومت میں آئی اور ملک کو تباہ کیا۔

عمران خان نے مزید کہاکہ اشرافیہ نے بیرون ملک میں غیرقانونی اثاثے بنانے کیلئے منی لانڈرنگ کی ،خود کو مقامی قانون سے بالاتر کیا اور پھر اپنا سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے این آر او کا سہارا لیا ، این آر او سے اشرافیہ نے لوٹی دولت کو تحفظ فراہم کیا ،اس صورتحال سے سب سے زیادہ پاکستانی عوام کو نقصان ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ کرپٹ اشرافیہ نے نہ صرف قوم کی دولت کو لوٹا بلکہ ان کے ٹیکس کی رقم بھی چوری کی، این آراو کی وجہ سے یہ لوٹی رقم ضائع ہو گئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کرپشن کے یہ تمام انکشافات آغاز ہیں ، جاننا چاہتے ہیں براڈ شیٹ کو مزید تحقیقات سے کس نے روکا ، براڈ شیٹ سے مکمل شفافیت چاہتے ہیں۔

pm imran khan

NRO

islambad