Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

مشکوک ٹرانزیکشنز کیس: زرداری کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں سابق صدر آصف...
شائع 12 جنوری 2021 02:50pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے آصف زرداری کی صحت کا معائنہ کرنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق صدرآصف زرداری کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے کا موقف اپناتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف زرداری کو دو کسیز میں طبی بنیادوں پر ضمانت دے رکھی ہے۔

جسٹس عامرفاروق نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ضمانت کے ان دونوں فیصلوں کو ریکارڈ کا حصہ بنایا ہے ،جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ جی دونوں فیصلے ایک ہی دن کے ہیں ریکارڈ پر موجود ہیں،

جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہم میڈیکل بورڈ بنا دیتے ہیں اور اس کی رپورٹ کا انتظار کر لیتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بیماری کیا ہے ؟،جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آصف زرداری کو دل، کمر کا درد اور شوگر کی بیماریاں ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسارکیا کہ نیب کا میڈیکل بورڈ کے معاملے پر کیا مؤقف ہے؟۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ عدالت کسی بھی سرکاری اسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دے۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ آپ بھی بتا دیں کل نیب کا بورڈ پر اعتراض نہ آ جائے ،پھر وہ باتیں نہیں ہونی چاہئیں جو پہلے بورڈ کی رپورٹ پر ہوتی رہی ہیں۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ دل کے اسپتال این آئی سی ڈی کے میڈیکل ڈائریکٹر کو بورڈ کا سربراہ بنا دیں۔

عدالت نے آصف زرداری کی صحت کا معائنہ کرنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے میڈیکل بورڈ کو 28جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے جبکہ این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔

عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کردی۔

IHC

Asif Ali Zardari

اسلام آباد