Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوسف رضا گیلانی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم کیلئے 3 فروری کی تاریخ مقرر

اسلام آباد:احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے...
شائع 12 جنوری 2021 11:20am

اسلام آباد:احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کیلئے 3 فروری کی تاریخ مقرر کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے اشتہارات کے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس پر سماعت کی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، ریاض فاروق اعوان اور دیگر ملزمان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

احتساب عدالت نے ملزمان کی حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم کی کارروائی کیلئے فروری کی کوئی تاریخ رکھتے ہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر 3 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ فروری میں جو بھی تاریخ رکھیں بس 14 فروری نہ رکھیں، جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

نیب نے عدالت سے مسلسل غیر حاضر سابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے بیرون ملک ہیں، حقائق چھپاتے ہوئے بیماری کی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست دائر کر دیتے ہیں۔

احتساب عدالت نے کیس کے تفتشی افسر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت تین فروری تک ملتوی کر دی۔

accountability court

اسلام آباد

PPP

Yousuf Raza Gilani