ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن اورخراجِ تحسین کے حقدارہیں،وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزراء شبلی فراز اور حماد اظہر، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی عشرت حسین، وقار مسعود اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکس وصولی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے،رواں مالی سال 6 ماہ کی مدت میں ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والی رقم ریکارڈ 2205 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس کے نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، ٹیکس دہند گان کی تعداد میں اضافہ ہوا، ٹیکس وصولی کے نظام کو خود کار بنایا جارہا ہے جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے ٹیکس فارم کو 5 سے صرف 1 صفحے پر مشتمل بنایا گیا ہے جس میں 200 اینٹریوں کو کم کر کے صرف 24 تک محدود کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ذریعے کمپنی کا براہِ راست تعلق ایف بی آر کے سسٹم سے قائم ہونے سے سیلز ٹیکس کی وصول کردہ رقم میں بھی اضافے کا رجحان ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے نظام میں اصلاحات لانے والے حکام کو سراہتے ہوے کہا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں، نظام میں ایسے اقدامات کا بھی اضافہ کیا جائے جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کی جائے۔
وزیراعظم کا معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد کے انتقال پر اظہارافسوس
وزیراعظم عمران خان نے معروف کاروباری شخصیت سیٹھ عابد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیٹھ عابد حسین کی رحلت پر بہت افسردو ہوں، عابد حسین شوکت خانم ٹرسٹ کے ابتدائی عطیات کنندگان میں سے تھے۔
سیٹھ عابد حسین کی رحلت کی اطلاع پا کر میں افسردہ ہوں۔ وہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے ابتدائی عطیات کنندگان (ڈونرز) میں سے ایک تھے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 10, 2021
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے سیٹھ عابد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدرریاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔
Comments are closed on this story.