جنید خان بھی پاکستان چھوڑ کر امریکا جارہے ہیں؟
پاکستان کے بائیں ہاتھ سے تیز گیند کرنے والے بولر جنید خان سے متعلق آج صبح سے ہی سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری "امتیازی سلوک" کی وجہ سے سمیع اسلم کی طرح امریکا منتقل ہونے والے ہیں۔
صحافی شعیب جٹ کی جانب سے اپنی ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ جنید خان پاکستان کو چھوڑنے پر غور کررہے ہیں اور اس معاملے پر اپنے قریبی لوگوں سے مشاورت کررہے ہیں۔ ٹویٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ جنید کو امریکا اور یوکے سے کمرشلز کی آفرز ہیں اور وہ کوئی بڑا قدم اُٹھانے سے قبل کل پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات کریں گے۔
یہ ٹویٹ سامنے آیا تو کرکٹ حلقوں اور جنید خان کے مداحوں میں ہلچل مچ گئی تھی تاہم فاسٹ بولر نے اب سے کچھ دیر قبل ایک ٹویٹ کی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کو چھوڑ کر کہیں بھی نہیں جارہے ہیں۔
جنید خان نے ٹویٹ میں "دل دل پاکستان، جان جان پاکستان" لکھا ہے جو اس جانب اشارہ ہے کہ وہ پاکستان کو چھوڑ کر کہیں جانے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
Comments are closed on this story.