سڈنی ٹیسٹ: تیسرے دن کے اختتام پر کینگروز کی پوزیشن مضبوط
سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز اچھے آغاز کے باوجود بھارتی ٹیم بیٹنگ لائن بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور 338 رنز کے جواب میں 244 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے تیسرے روز 2 وکٹوں پر 96 رنز سے اسکور کو آگے بڑھایا اور پوری ٹیم 244 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔ شبھمن گل اور چتیشور پجارا نے 50، 50 رنز بنائے۔
اس کے علاوہ ریشبھ پنٹ نے 36، روہت شرما نے 26، اجنکیا راہانے نے 22 اور رویندر جڈیجا نے ناقابل شکست 28 رنز اسکور کئے۔ کینگروز کی جانب سے پیٹ کمنز نے 4، جوش ہیزل ووڈ نے 2 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ اڑائی۔
کینگروز نے پہلی اننگز میں 94 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کے اسکور کو آگے بڑھایا اور دن کے اختتام تک 2 وکٹوں پر 103 رنز بنالئے۔
آسٹریلیا کی مجموعی برتری 197 رنز تک پہنچ گئی جبکہ اُن کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ مارنس لبوشین 47 اور اسٹیو اسمتھ 29 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جارہی 4 میچز پر مشتمل سیریز ابھی 1-1 سے برابر ہے۔
Comments are closed on this story.