حقیقت یہ ہےکہ پیپلزپارٹی کبھی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی،وزیر خارجہ
اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کے بیانیےمیں پھوٹ پڑ چکی،اصل حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی، انہیں چاہیئے کہ اب استعفوں کی رٹ چھوڑ دیں،قوم کے ساتھ مذاق نہ کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں فیصلے کا اختیار آصف زرداری کے پاس ہے بلاول کے پاس نہیں،پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے واضح ہو چکا کہ پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم کے بیانیے سے پیچھے ہٹ چکی ہے،انہیں چاہیئے کہ اب استعفوں کی رٹ چھوڑ دیں،قوم کے ساتھ مذاق نہ کریں،وزیر اعظم عمران خان ان کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔
وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں ،انہیں عوام کا مینڈیٹ اور اعتماد حاصل ہے وہ آپ کے مطالبے پر مستعفی کیوں ہوں؟ اصل حقیقت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کبھی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی، اگر یہ استعفے دینے کے حوالے سے سنجیدہ ہوتے تو پھر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کبھی نہ کرتے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں مختلف الخیال لوگ این آر او کے حصول اور مقدمات سے خلاصی کیلئے ایک جگہ جمع ہیں،پی ڈی ایم کا اتحاد غیر فطری ہے جس کا شیرازہ عنقریب بکھرنے کو ہے۔
Comments are closed on this story.