امریکا:کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں رنگ و نسل کا تعصب
ایک امریکی سیاہ فام ڈاکٹر کورونا وائرس کے خلاف جاری اپنی جد و جہد میں شکست کھا کر انتقال کر گئیں اس ڈاکٹر نے اپنی موت سے قبل طبی عملے کے تعصبانہ رویے کی شکایت بھی کی تھی۔ یہ شکایت سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور صارفین نے امریکی ہیلتھ سسٹم پر شدید تنقید کی۔ تنقید کرنے والوں نے ریاستی حکام سے اس معاملے کی شفاف تفتیش کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین کی پوسٹس کو دیکھتے ہوئے امریکی ریاست انڈیانا نے اس افسوسناک واقعے کی مکمل انکوائری کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جس سیاہ فام ڈاکٹر نے بیماری اور علاج میں تعصبانہ برتاؤ کی شکایت کی تھی، ان کا نام سُوزن مُور اور عمر 52 برس تھی۔ انہیں گزشتہ ماہ کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ بیماری میں شدت آنے کے بعد ڈاکٹر مُور کو ریاست انڈیانا کے دارالحکومت انڈیانا پولس کے شمال میں واقع شہر کارمل کے انڈیانا یونیورسٹی سسٹم نارتھ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
یہ تفصیلات سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر بھی پوسٹ کی گئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بیماری کی شدت سے آگاہ تھیں اور انہوں نے کئی مرتبہ مناسب علاج کی درخواست بھی کی لیکن اسے نظر انداز کیا جاتا رہا۔
خاتون ڈاکٹر مُور کا کہنا تھا کہ اگر وہ سفید فام ہوتیں تو ان کے ساتھ طبی عملے کا برتاؤ ایک اور انداز میں ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوائی دینا تو دور کی بات نارتھ ہسپتال کے عملے نے اسکیننگ اور معمول کے معائنہ کرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی۔
مور نے واضح طور پر بیان کیا کہ انہوں نے ایک سفید فام ڈاکٹر کو اپنی بیماری اور درد کی شدت بھی بیان کی لیکن اس ڈاکٹر نے ان تفصیلات کو پوری طرح نظرانداز کردیا۔
مُور کی ایک ویڈیو رواں برس چار دسمبر کو فیس بک پر اپ لوڈ ہوئی اور اس میں وہ کہتی ہیں، 'اگر میں ایک سفید فام ہوتی تو اس طرح کےسلوک کا سامنا نہیں کرتی۔'
اس ویڈیو میں یہ بات کرتے ہوئے ان کی آواز شدتِ کرب سے بیٹھ گئی۔
انہوں نے مزید کہا، 'اس انداز میں سیاہ فام افراد کو ہلاک کیا جاتا ہے کیونکہ وہ اکیلے بیماری کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔'
ڈاکٹر سُوزن مُور کو سات دسمبر کے روز کارمل کے نارتھ ہسپتال سے یہ کہہ کر فارغ کر دیا گیا کہ اب انہیں مزید علاج کی ضرورت نہیں۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر سے کہتی رہیں کہ وہ ابھی تندرست نہیں ہوئیں لیکن ان کی تمام گفتگو ان سنی کر دی گئی۔
مُور کے مطابق جب ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، اس وقت ان کا بخار زیادہ اور بلڈ پریشر کم تھا۔ ان کو چند دوسرے ہسپتالوں میں بھی لے جایا گیا۔
ان کے انیس سالہ بیٹے ہنری محمد نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ نارتھ ہسپتال سے فارغ کیے جانے کے بعد ان کی والدہ کی طبیعت بگڑتی گئی اور ایک ہسپتال میں انہیں بیس دسمبر کو وینٹیلیٹر پر ڈال دیا گیا لیکن وہ سنبھل نہیں سکیں۔ ہنری محمد کے مطابق ان کی والدہ کو غیر معیاری علاج کا سامنا رہا۔
ڈاکٹر سُوزن مور میشیگن میں پلی بڑھیں اور انہوں نے وہیں سے سن 2002 میں میڈیکل کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ انڈیانا میں میڈیکل پریکٹس کا لائسنس لے کر ڈاکٹری کی پریکٹس کرتی تھیں۔
انڈیانا یونیورسٹی ہیلتھ سسٹم کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ڈینس مرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ڈاکٹر سوزن کی موت پر افسردہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل ٹیم کی جانب سے ٹیکنیکل امداد نہ دینے پر یقین نہیں ہے اور اس مریضہ کو فراہم کیے گئے مکمل علاج کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر پہلو کا جائزہ لینے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور اس کے لیے ماہرین کا پینل ترتیب دے دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر مرفی نے واضح کیا کہ تعصب کے ہر پہلو پر تادیبی اقدام کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.