Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

طیارے نے لینڈنگ کے دوران بھورے ریچھ کو کچل دیا

امریکی ریاست الاسکا میں حکام کے مطابق ہفتے کی شام ایک بھورا ریچھ...
شائع 17 نومبر 2020 12:21pm

امریکی ریاست الاسکا میں حکام کے مطابق ہفتے کی شام ایک بھورا ریچھ ہوائی جہاز کی لینڈنگ کے دوران ٹکرا کر مر گیا اور جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے ’اینکریج ڈیلی نیوز‘ کے حوالے سے لکھا ہے کہ یاقوتا ایئر پورٹ پر ہونے والے اس حادثے میں جہاز کے مسافروں اور عملے میں سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

الاسکا ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن اینڈ پبلک فیسیلیٹیز کے ترجمان سیم ڈیپسیوچ کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737-700 کے ٹکرانے سے ریچھ تو مارا گیا لیکن اس کا بچہ زخمی نہیں ہوا۔

سیم ڈیپسیوچ نے بتایا کہ ایئر پورٹ کے عملے نے جہاز کی لینڈنگ سے دس منٹ پہلے رن وے کو کلیئر قرار دیا تھا۔ جہاز نے اندھیرا چھا جانے کے بعد لینڈنگ کی اور عملے نے رن وے کو معمول کے مطابق چیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ عملہ تو ریچھ کو نہ دیکھ سکا لیکن پائلٹ رن وے پر دو ریچھوں کو دیکھ لیا تھا۔

جہاز کے دائیں انجن کے کور کو نقصان پہنچا اور جہاز مزید پرواز بھرنے کے بجائے یاقوتا ایئر پورٹ پر ہی روک دیا گیا ہے۔

الاسکا ایئر لائن کا کہنا ہے کہ ’ہمارے ٹیکنیشن جہاز کی مرمت کر رہے ہیں جسے مکمل ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔‘

سیم ڈیپسیوچ کا کہنا ہے کہ الاسکا میں جانوروں کا جہاز سے ٹکرانا نئی بات نہیں ہے لیکن انہوں نے اس سے پہلے یہ نہیں سنا کہ کوئی ریچھ جہاز سے ٹکرایا ہو۔