مودی سرکار کو بیک وقت پاکستان اور چین سے جنگ کا مشورہ
بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے اپنی حکومت کو بیک وقت پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ لڑنے کا مشورہ دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ کیوں نہ بیک وقت پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ لڑی جائے۔ آزاد کشمیر واپس لے کر پاکستان کو توڑنا ہے تومحاذ کھولنا ہوگا۔
سبرامنیم سوامی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹی وی اینکرز پاکستان اور چین کے ساتھ جنگ کے خیال سے کیوں کانپ رہے ہیں؟ محاذ کھولنا ہے تو بہترین وقت رواں برس 15 نومبر کے بعد ہو گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جس نے ہماری فوج کے خلاف بولنا ہے وہ بھارت چلا جائے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے درخواستیں دی گئیں ہیں، جن کو قانونی مشاورت کے لیے بھیج دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آج میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا تھا کہ میرے بیان کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو غدار کہے، بھارتی میڈیا کی اسٹریٹجی اپناتے ہوئے حکومتی نمائندوں نے میرے بیان کا غلط مطلب نکالا۔
ایاز صادق نے کہا تھا کہ افواج پاکستان کو سیاسی لڑائی سے باہر رکھا جائے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے میرے بیان کو غلط رنگ دے کر پاکستان کی خدمت نہیں کی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں۔
Comments are closed on this story.