امریکا کا 6 چینی کمپنیوں پر پابندی کا اعلان
امریکا نے پابندیوں کی فہرست میں شامل ایرانی شپ یارڈ کمپنی IRISL کے ساتھ تعاون کی وجہ سے 6 بین الاقوامی کمپنیوں پر بھی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پابندیوں کے فیصلے سے متعلق تحریری بیان جاری کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایران اپنی لاجسٹک کمپنی IRISL کو بیلسٹک اور جوہری میزائل کی تیاری میں ضروری سامان کی فراہمی کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ ہم نے مذکورہ کمپنی کو ماہِ جون میں پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا اور دیگر کمپنیوں کو اس کے ساتھ کام نہ کرنے کے متعلق متنبہ کیا تھا۔
پومپیو نے کہا کہ ہماری وارننگ کے باوجود چین کی ریچ ہولڈنگ گروپ، ریچ شپنگ لائنز، ڈیلائٹ شپنگ کارپوریشن، گریشئیس شپنگ کارپوریشن، نوبل شپنگ کارپوریشن اور سپریم شپنگ کارپوریشن پر مشتمل 6 فرموں اور 2 افراد نے جانتے بوجھتے ایران کے لئے مال اور خدمات کی رسدکا سلسلہ جاری رکھا جس وجہ سے ان پر پابندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے ماہِ جون میں IRISL اور چینی فرم E-Sail کو، ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق سامان کی فراہمی کی وجہ سے، پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed on this story.