Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان تو بھارت سے بہتر ثابت ہوا: راہول گاندھی

بھارت میں کورونا بے قابو ہونے پر اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے...
شائع 17 اکتوبر 2020 12:30pm

بھارت میں کورونا بے قابو ہونے پر اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مودی سرکار کو پاکستان سے سبق سیکھنا چاہیے کہ کس طرح انہوں نے اپنے ملک میں کورونا پر قابو پایا۔

راہول گاندھی نے مزید کہا کہ کورونا کیسز میں بھارت کا عالمی سطح پر دوسرا نمبر ہے، بھارت میں چوہتر لاکھ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، اموات بھی ایک لاکھ تیرہ ہزار تک ہوچکی ہیں۔

بھارت میں اپوزیشن کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نریندر مودی کی قیادت والی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی پر مسلسل حملے کررہے ہیں۔ جمعہ کے روز انہوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے معاملے میں مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس بحران کی وجہ سے پیدا شدہ حالات سے نمٹنے میں بھارت کے مقابلے میں پاکستان اور افغانستان نے کہیں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

راہول گاندھی نے ایک طنزیہ ٹوئٹ کیا” بی جے پی حکومت کی ایک اور شاندار حصولیابی۔ پاکستان اور افغانستان نے بھی ہم سے بہتر انداز میں کووڈ کا مقابلہ کیا۔"

راہول نے اسی کے ساتھ ایک چارٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں آئی ایم ایف کی طرف سے جاری کردہ جی ڈی پی کے اعدادو شمار دکھائے گئے ہیں۔ آئی ایم ایف نے جو عالمی اقتصادی آوٹ لک (ڈبلیو ای او) جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ بھارت ، جنوبی ایشیا کا تیسرا غریب ملک بننے کی طرف گامزن ہے۔ ہندوستان سے پیچھے صرف پاکستان اور نیپال ہی رہ جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا سے متاثرین کے لحاظ سے بھارت امریکا کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق کووڈ۔19سے تقریباً 74لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ ایک لاکھ12ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارت میں تاہم اس وبا سے صحت یاب ہونے کی شرح 87.5 فیصد اور شرح اموات 1.5فیصد ہے۔