Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

چینی صدر کا فوج کو ممکنہ جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم

چین کے صدر شی جن پنگ نے ملکی فوج پیپلز لبریشن آرمی کو ممکنہ جنگ...
شائع 15 اکتوبر 2020 10:10am

چین کے صدر شی جن پنگ نے ملکی فوج پیپلز لبریشن آرمی کو ممکنہ جنگ کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ نے گوانگ ڈونگ صوبے کے ایک فوجی اڈے کے دورے کے موقع پر پیپلز لبریشن آرمی کی میرین کور سے جارحانہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہائی الرٹ پر رہے اور دشمن کے ممکنہ وار کے منہ توڑجواب کے لیے خود کو تیار رکھے۔

امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق صدر شی پنگ کا یہ فوجی دورہ اس وقت ہوا جب چین اور امریکا کے مابین کئی دہائیوں کے دوران تائیوان اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے معاملے پر اختلافات کے باعث تناؤ عروج پر ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس نے امریکی کانگریس کو مطلع کیا کہ وہ تائیوان کو جدید ہتھیاروں کے3 نظاموں کی فروخت کا منصوبہ آگے بڑھا رہا ہے، جس میں جدید اعلیٰ متحرک آرٹلری راکٹ سسٹم بھی شامل ہے۔

اس پربیجنگ کی جانب سے سخت ردعمل میں وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کے کسی بھی منصوبے کو فی الفور منسوخ کرے اورامریکا تائیوان فوجی تعلقات کو ختم کیا جائے۔

اگرچہ تائیوان کو کبھی بھی چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے زیر کنٹرول نہیں رکھا گیا، تاہم بیجنگ اس جزیرہ نما خطے کا دعوے دار رہا ہے۔ البتہ چین کا کہنا ہے کہ وہ تائیوان پر قبضے کے لیے فوجی طاقت استعمال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

چند ہفتے قبل ایک تقریر میں امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھاکہ چین بحری طاقت میں امریکا کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔