اسلحہ ڈپو کی خوفناک تباہی سے 10 دیہات متاثر
روس کے علاقے ریازان میں موجود ملٹری اسلحہ ڈپو میں لگنے والی آگ خوفناک صورت اختیار کرگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریازان کے جنگلات میں ہونے والی آتشزدگی میں اسلحہ ڈپو بھی زد میں آیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ نے اردگرد کے علاقے میں تباہی مچا دی۔
آتشزدگی کے بعد اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکے ہوئے جس کے بعد شیلمی کھینو اور زہلتوکھینو میں واقع دس سے زائد دیہات متاثر ہوئے اور ان دیہات میں بھی آگ لگ گئی۔
ذرائع کے مطابق حکام نے اسلحہ ڈپو کے قریب واقع 10 دیہات خالی کروا کر رہائشی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق آتشزدگی کے بعد اسلحہ ڈپو سے دھماکے کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں جبکہ آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہو چکے ہیں اور چاروں طرف دھویں کے بادل بھی پھیل گئے ہیں۔
محکمہ فائربریگیڈ کے رضا کار آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں مگر انہیں تاحال ناکامی کا سامنا ہے۔
آتشزدگی کو تیزی سے پھیلتا ہوا دیکھ کر مقامی انتظامیہ نے اطراف کے دس دیہات خالی کروادیے، ریسکیو رضاکاروں نے شہریوں کو محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آتشزدگی سے دیہاتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے، فی الوقت صورت حال قابو میں ہے، آگ پر جلد قابو پالیا جائے گا۔
روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلحہ ڈپو فوج کے زیر استعمال تھا جہاں پر اسلحے سمیت دیگر ایمونیشن اور بارودی مواد رکھا ہوا تھا۔ اسلحے کے ڈپو کو آگ لگنے کے باعث آگ نے شدید تباہی پھیلا دی ہے۔
حکام کی جانب سے آگ پر قابو پانے اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
Comments are closed on this story.