کورونا کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل
واشنگٹن :کورونا کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا،ٹرمپ نے اسپتال سے نکلتے وقت پہنا ماسک وائٹ ہاؤس پہنچ کر اتاردیا، بالکنی میں کھڑے ہوکر بنا ماسک کے تصاویر بنوائیں، وائٹ ہاؤس اسٹاف کے مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔
کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی صدر والٹر ریڈ اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا،ڈونلڈ ٹرمپ کو والٹر ریڈ اسپتال سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔
امریکی صدر کورونا کے باعث اسپتال میں زیرعلاج تھے جبکہ اسپتال سے نکلتے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسک پہن رکھا تھا۔
اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقلی پر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اب بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں اور ان کی انتخابی مہم میں جلد واپسی ہوگی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ کورونا کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں، اس سے گھبرائیں نہیں، آپ باہر نکلیں ، احتیاط کریں، ہمارے پاس دنیا کی بہترین دوائیں ہیں اور ویکسین بھی جلد آرہی ہے، میں اب اتنا اچھا محسوس کر رہا ہوں جتنا 20 سال پہلے محسوس کیا کرتا تھا۔
امریکی صدر نے میڈیاکےسوالات کا جواب نہیں دیا،ایک صحافی نے امریکی صدر سےپوچھا کہ صدر صاحب کیاآپ ایک سپراسپریڈرہیں؟توٹرمپ کوئی جواب دیئے بغیر چل دیئے۔
وائٹ ہاؤس منتقلی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ ٹرومین بالکنی میں کھڑے ہوئے اور تصاویر بنوائیں جس کے لیے انہوں نے اپنا ماسک اتاردیا۔ صدر ٹرمپ کے ماسک اتار کر تصاویر بنوانے پر شدید تنقید کی جارہی ہے کیونکہ ابھی وہ کورونا سے صحتیاب نہیں ہوئے ہیں اور ان سے وائرس کی منتقلی کا خطرہ برقرار ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ایسے موقع پر ڈسچارج کیا گیا ہے جب وائٹ ہاؤس اسٹاف کے مزید افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، اب تک ٹرمپ کے قریبی کم از کم بارہ افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے جبکہ متعدد جونیئر اسٹاف اراکین بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
ٹرمپ کے معالجین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ابھی پوری طرح صحتیاب نہیں ہوئے لیکن ان کی وائٹ ہاؤس منتقلی محفوظ ہے۔
Comments are closed on this story.