Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کی زرعی شعبہ کی ترقی کےلئے لائحہ عمل وضع کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحفظ خوراک کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شائع 23 ستمبر 2020 08:42pm

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے کےلئے درمیانی اور طویل مدت کے منصوبوں کا مقررہ نظام الاوقات کے تحت طے کیا گیا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں زرعی اصلاحات اور تحفظ خوراک کے پروگراموں میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحفظ خوراک کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے تمام صوبوں اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے وزارت تحفظ خوراک میں فوڈ سیکیورٹی ڈیش بورڈ فعال کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے زرعی اجناس کی پروسیسنگ کےلئے اقتصادی زون پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کو بھی کہا۔

چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کی تکنیکی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت تمام فریقوں کے درمیان جامع اور مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں تحفظ خوراک کے چیلنجز، زرعی اجناس کی پیداوار کی موجودہ صورتحال اور وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے حوالے سے پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔