Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مٹن یا بیف: کون سا گوشت کتنا فائدہ مند؟

عیدالاضحٰی کو گوشت والی عید بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس موقع پر...
شائع 03 اگست 2020 12:30pm

عیدالاضحٰی کو گوشت والی عید بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس موقع پر جانوروں کی قربانی کی وجہ سے تقریبا ہر گھر میں گوشت وافر مقدار میں پکتا ہے۔

پاکستان میں چھوٹا گوشت یعنی بکرے، دنبے اور چھترے اور بڑا گوشت یعنی بیل، گائے وغیرہ کا گوشت پسند کرنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں اور عید الاضحٰی ایسے لوگوں کے لیے واقعی عید ہوتی ہے کیونکہ گھر میں ان کی پسند کے مطابق ہر طرح کا گوشت پکایا جاتا ہے۔

رواں سال عید الاضحٰی چونکہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران آئی ہے تو بہت لوگ گوشت کھانے کو اپنا مدافعتی نظام مزید مضبوط کرنے کا ایک ذریعہ بھی سمجھ رہے ہیں۔

گوشت چھوٹا ہو یا بڑا اپنی افادیت کے اعتبار سے منفرد ہے۔ لیکن کون سا گوشت کتنا فائدہ مند ہے اور یہ جسم کی کون سی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے، اس کا جواب صرف ماہرین کے پاس ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق چھوٹے گوشت یعنی مٹن کا مزاج گرم ‏ہے۔ یہ ‏طاقت بخش ہے، خون پیدا کرتا ہے۔ تپ دق ‏اور کمزوری میں اس ‏کی یخنی مفید ہے۔ ماہرین طب کی تحقیق ‏کے مطابق ‏لذت ‏اور ذائقہ کے اعتبار سے بکرے کا گوشت سب سے زیادہ بہترہے۔ اس ‏کا اعتدال پسند انہ استعمال جسمانی قوت اور افزائش صحت کے ‏حوالے سے نہایت مفید ہے۔

دُبنے کے گوشت کے بارے میں قدیم اور جدید ماہرین صحت ‏کی متفقہ رائے ہے کہ تمام حلال جانوروں میں سے دیر ہضم اور ‏لحمیات کے حوالے سے لطیف ترین غذا کی حیثیت رکھتا ہے اور ‏نہایت مقوی اور لذیذ ہے۔ ‏ ‏

ماہرین کا کہنا ہے کہ بیل کا گوشت ہمارے ہاں کثرت سے استعمال ‏ہوتا ہے لیکن لوگ اسے بکرے کے گوشت سے کم عذائیت کا حامل ‏خیال کرتے ہیں جوغلط ہے۔

طبی نقطہ نگاہ سے گائے کا گوشت ‏بکرے کے گوشت کی نسبت جسم کو زیادہ حرارت اور طاقت ‏بخشتا ہے۔ بڑے گوشت یعنی بیف کا مزاج سرد خشک ہوتا ہے۔ ‏دیر ہضم ہے۔ محنتی اور جفاکش لوگوں کے لیے مناسب گوشت ‏ہے۔ ‏مگر اسے زیادہ استعمال کرنے سے کچھ امراض جیسے ‏خارش، درد، جذام ، مسلسل بخار ہوسکتے ہیں۔ یہ سب بیماریاں ‏اس شخص کو لاحق ہوتی ہیں ‏جو بڑے گوشت کا عادی نہ ہو۔ ‏

غذائی ماہر حسن محمود کہتے ہیں کہ گوشت کھانے کے لیے ‏انسان کو اپنا مزاج اور طبیعت سمجھ لینی چاہیے۔

’ایسے لوگ ‏جو پہلے ہی مختلف قسم کی بمیاریوں مثلاً یورک ایسڈ کی زیادتی، ‏جوڑوں میں درد، بلڈ پریشر، شوگر، دل، معدہ یا جگر وغیرہ کی ‏بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ انہیں اس موقع پر خاص طور پر احتیاط ‏کرنی چاہیے اور گوشت سے پرہیز کرنا چاہیے یا ڈاکٹر کے مشورے کے ‏مطابق بہت تھوڑی مقدار میں استعمال کرنا چاہیے۔ بصورت دیگر ‏ان کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے یا ان کی بیماری شدید صورت ‏اختیار کرسکتی ہیں۔‘

‏ایک اور غذائی ماہر عائشہ مشتاق کے مطابق عید کے موقع پر بڑے ‏کے مقابلے میں چھوٹے گوشت کو ترجیح دینی چاہیے۔ اس کی وجہ ‏یہ ہے کہ غذائیت کے معاملے میں مٹن بیف سے بہتر اور صحت ‏بخش ہے۔

’اگر دل کے عارضے میں مبتلا افراد بھی ایک حد میں ‏اس کو استعمال کرتے ہیں تو کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘

ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ گوشت کے ساتھ اگر ‏سبزیاں شامل کر لی جائیں تو وہ نہ صرف غذائیت میں بہتر ہو جاتی ‏ہیں بلکہ گوشت کے باعث جن بیماریوں کا احتمال ہے اس سے بھی ‏محفوظ رکھتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ متوازن غذا بن جانے کی ‏وجہ سے یہ قوت مدافعت کو بڑھانے میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ‏ہیں۔