Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت کا فرانس سے رافیل کے بعد ہیمرمیزائل خریدنے کا بھی معاہدہ

چین سے حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ...
شائع 25 جولائ 2020 01:43pm

چین سے حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور بھارتی حکومت نے فرانس سے رافیل طیاروں کے بعد 'ہیمر' میزائل خریدنے کا بھی معاہدہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت فرانس کے ساتھ رافیل طیاروں کے معاہدوں کے بعد اب ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھی کررہا ہے۔ بھارتی فوج 60 سے 70 کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے حال ہی میں فوج کی دیے جانے والی ایمرجنسی پاورز کے استعمال کے تحت کررہی ہے اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ یہ معاہدہ چین سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔

خیال رہے بھارت اور چین کے درمیان چند ماہ سے مشرقی لداخ کے مقام پر سرحدی کشیدگی جاری ہے، اس تناظر میں بھارت کے حکومتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانس نے یقین دلایا ہے کہ یہ میزائل جلد بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے اور کسی دوسرے ملک کے لیے تیار کردہ میزائل ہنگامی بنیادوں پر بھارت کو دیے جائیں گے۔

رپورٹس کے مطابق ہیمر میزائل تیار کرنے والی کمپنی سافران الیکٹرنک اینڈ ڈیفینس کے مطابق ہیمر میزائل دور سے ہی آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے جب کہ میزائل کے آگے لگی گائڈنس کِٹ میں جی پی ایس، انفراریڈ اور لیزر جیسی ٹیکنالوجی فٹ ہوتی ہے جو پہاڑی علاقوں میں دُشوار گزار راستوں میں قائم بنکرز اور دیگر تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے بھارت اور فرانس کے درمیان کیے جانے والے معاہدے کے تحت رافیل کے 5 جنگجو طیاروں کی پہلی کھیپ 29 جولائی کو بھارتی ریاست ہریانہ میں فضائی اڈے پر اترے گی۔