Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

راولپنڈی:9افرادکاقتل،پولیس کامبینہ ملزمان گرفتارکرنےکادعویٰ

راولپنڈی میں دشمنی پر 9 افراد کے قتل کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی...
شائع 25 جولائ 2020 01:01pm

راولپنڈی میں دشمنی پر 9 افراد کے قتل کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 ملزمان گرفتار کرلئےگئے ہیں۔میتیں ورثاء کےحوالےکردی گئی ہیں۔مقتولین کی تدفین گاؤں میال میں ہوگی۔

راولپنڈی کےعلاقے چونترہ میں دیرینہ دشمنی پرجمعہ کی رات 9 افراد کو فائرنگ کرکےقتل کردیا گیا۔گاؤں میال میں رب نواز گروپ کےلوگوں نےمخالف کےگھرمیں گھس کر فائرنگ کرکے5 خواتین اور4 بچوں کو قتل کردیا۔

مرنےوالوں کی شناخت نثاربی بی،سلیم اختر،سدرہ بی بی،ازرم بی بی اور عابدہ شاہین کے نام سے ہوئی جبکہ 3 بچیوں صبیحہ،انزلہ اورایمان فاطمہ کے ساتھ فرحان بھی دیرینہ دشمنی کے باعث فائرنگ کا نشانہ بنا۔

مقتولہ کےشوہر نے پولیس کو بتایا کہ 50 افراد نے گھرپر حملہ کیا جس کے بعد گھر کی خواتین نے ٹیلی فون کرکےآگاہ کیا۔خواتین نے خود کو ایک کمرےمیں بند کرلیا تھا تاہم ملزمان نے دروازہ توڑکرفائرنگ کرکےموت کے گھاٹ اتاردیا۔

پولیس کےمطابق چند روز پہلے میال گاؤں میں ایک خاتون کا قتل اس واقعے کی وجہ بنا۔ایس ایس پی آپریشنز طارق ولایت نےبتایا کہ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 مبینہ ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے جبکہ مرکزی ملزم رب نواز اور اس کے بیٹے دانش کی تلاش جاری ہے۔

سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں میڈیا سے گفتگومیں بتایا کہ سرچ آپریشن میں 4 مبینہ ملزمان گرفتار ہوئے ہیں جن سے تفتیش میں مدد ملے گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ پولیس کو کسی سے کوئی سیاسی وابستگی یا خوف نہیں ہے، واقعے کی ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔

فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی جمع کر لئے ہیں۔مقتولین کےبھائی نےمطالبہ کیا ہے کہ ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے،ہمیں انصاف چاہیے۔

وزيراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنےراولپنڈی ميں تھانہ چونترہ کی حدود میں ہونےوالے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئےسی سی پی اور راولپنڈی سے رپورٹ حاصل کرنےکا کہا ہے۔