Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جب دل کرے گا امریکہ کا یہ ہتھیار تباہ کردیں گے، چین کی سنگین دھمکی

بحر جنوبی چین کے معاملے پر امریکہ اور چین کے درمیان پہلے بھی...
شائع 07 جولائ 2020 01:53pm

بحر جنوبی چین کے معاملے پر امریکہ اور چین کے درمیان پہلے بھی کشیدگی کئی بار عروج کو پہنچ چکی ہے اور اب امریکہ نے ایسی حرکت کر ڈالی ہے کہ چین کا پارہ چڑھ گیا ہے اور اس کی طرف سے امریکہ کو انتہائی خطرناک دھمکی دے دی گئی ہے۔

میل آن لائن کے مطابق امریکہ نے جنگی مشقوں کے لیے اپنے دو ایئرکرافٹ کیریئر بحرجنوبی چین پہنچا دیئے ہیں جس پر چین نے دھمکی دیتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت ان امریکی بیڑوں کو تباہ کر سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دی گلوبل ٹائمز کی طرف سے ایک ٹویٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ چین کے پاس ڈی ایف 21ڈی اور ڈی ایف 26سمیت بے شمار اینٹی ایئرکرافٹ کیریئر میزائل موجود ہیں جو بحر جنوبی چین میں موجود امریکی ایئرکرافٹ کیریئرز یو ایس ایس نیمٹز اوریو ایس ایس رونلڈ ریگن کو مکمل تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

چینی سٹیٹ میڈیا کا کہنا تھا کہ یہاں جو بھی بحری بیڑا آئے گا چین کی مرضی سے آئے گا ورنہ چین ان کے خلاف کسی بھی وقت کارروائی کر سکتا ہے۔

گلوبل ٹائمز کی طرف سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحر جنوبی چین چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کی مکمل پہنچ میں ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت چین اور امریکہ کے مابین کورونا وائرس کے پھیلاﺅ، ہانگ کانگ کی صورتحال اور دیگر کئی معاملات پر کشیدگی اپنے عروج کو پہنچی ہوئی ہے۔ جس جگہ یہ امریکی بیڑے جنگی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں اسی سمندری علاقے میں چینی فوج بھی جنگی مشقیں کرتی رہتی ہے۔