Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایپل کا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 14 کیا ہے؟

اسمارٹ فونز بنانے والے اداروں کی دنیا کے معتبر ناموں میں شامل...
شائع 24 جون 2020 12:33pm
سائنس
-File
-File

اسمارٹ فونز بنانے والے اداروں کی دنیا کے معتبر ناموں میں شامل ایپل نے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 14 سمیت اسمارٹ واچ اورمیک ڈیوائسز کے لیے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا تو یوزرز نے اس پر تبصروں میں تجاویز، مشوروں، طنز و تنقید کے سارے رنگ استعمال کر ڈالے۔

ایپل کے تحت ڈویلپرز کی عالمی کانفرنس ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 20 کے کلیدی خطاب کے دوران آئی او ایس 14 سمیت نئے فیچرز کے اجرا کا اعلان کیا گیا۔ اس کے بعد کانفرنس اور نئے آئی او ایس سے متعلق گفتگو نے سوشل میڈیا ویب سائٹس خصوصا ٹوئٹر پر کئی ٹرینڈز اپنے نام کر لیے۔

آئی فونز کے لیے نئے آپریٹنگ سسٹم میں پیش کیے گئے فیچرز پر گفتگو کرنے والوں کے ساتھ ایسے صارف بھی سامنے آئے جو آئی فون سکس اور اس سے پہلے کے ایپل اسمارٹ فونز کے لیے نئی اپ ڈیٹس دستیاب نہ ہونے پر ناخوش دکھائی دیے۔

ناقدین میں سے کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے دعویٰ کیا کہ ایپل نے اینڈرائڈ فونز کے پرانے فیچرز کو نئے ناموں سے متعارف کرا دیا ہے۔ ڈویلپرز کے لیے جاری کردہ بیٹا ورژن سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں تو صارفین اسے دوسروں تک پہنچاتے رہے۔

آئی او ایس 14 کیا ہے؟

اسمارٹ فونز بنانے والے ادارے زیادہ تر اینڈرائڈ کو سافٹ ویئر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ البتہ ایپل شروع ہی سے اپنی ڈیوائسز کے لیے اوپن سورس سافٹ ویئرز کے بجائے اپنا بنایا ہوا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس استعمال کرتا ہے۔

گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ نئے فیچرز متعارف کرانے ہوں یا پرانے بہتر کرنے ہوں، ایپل کی جانب سے آئی او ایس کی اپ ڈیٹس کی جاتی ہیں۔

اگر یہ اپ ڈیٹس تھوڑی بہت تبدیلی کی حامل ہوں تو عموماً مین اپ ڈیٹ مثلا آئی او ایس 13 کے ساتھ اعشاریہ لگا کر نئے ہندسے (ون، ٹو، تھری وغیرہ) دیے جاتے ہیں۔ البتہ آپریٹنگ سسٹم کی اپ ڈیٹ اہم نوعیت کی یا زیادہ تبدیلیاں رکھنے والی ہو تو پھر آئی او ایس کے لفظ کے بعد کا نمبر تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ ایپل نے آئی او ایس 14 کی اپ ڈیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آئی او ایس 14 میں نیا کیا ہے؟

اب تک سامنے آنے والی تفصیل کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فونز کے لیے متعارف کرائے گئے نئے آپریٹنگ سسٹم میں کئی ظاہری تبدیلیوں کے علاوہ نئے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

ایپل کی جانب سے نئے آپریٹنگ سسٹم کا بیٹا ورژن ڈاؤن لوڈنگ کے لیے مہیا کر دیا گیا تا کہ ڈویلپرز اسے استعمال کر سکیں۔ آئی او ایس 14 کا پبلک بیٹا ورژن جولائی میں پیش کیا جائے گا جب کہ امکان ہے کہ حتمی ورژن ستمبر تک دستیاب ہو سکے۔ آپریٹنگ سسٹم کی یہ اپ ڈیٹ صارفین کو بلامعاوضہ دستیاب ہو سکے گی۔

آئی فون صارفین کی جانب سے طویل عرصے سے کیا گیا مطالبہ اس بار پورا ہو رہا ہے۔ نئے آپریٹنگ نظام میں کال آنے پر اس کی اطلاع پوری سکرین پر نمایاں نہیں ہوا کرے گی بلکہ ایک بینر کی شکل میں سکرین کے بالائی حصے میں دکھائی دے گی۔

ایپل کی جانب سے آئی پیڈز کے آپریٹنگ سسٹم کے کچھ فیچرز کو آئی فونز کے لیے بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ان میں ہوم سکرین ویجٹس سمیت پکچر ان پکچر فیچر بھی شامل ہیں۔ پکچر ان پکچر کی وجہ سے صارفین اب فون پر دوسرے کام کرتے ہوئے بھی فیس ٹائم کال یا ویڈیوز دیکھ سکیں گے۔اس دوران اگر چاہیں تو صارف ویڈیو کی جگہ تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اسے سکرین سے ہٹا بھی سکیں گے البتہ انہیں آڈیو سنائی دیتی رہے گی۔

اب آئی فونز صارفین ایپلیکیشنز کو ناصرف نئے انداز میں دیکھ سکیں گے بلکہ ان کو نئی ترتیب بھی دے سکیں گے۔

ایپ لائبریری کا نیا فیچر صارفین کو موقع دے گا کہ وہ اپنی ہوم سکرینز پر ایپس کو ایسے ترتیب دے سکیں تاکہ انہیں تلاش کرنے کے لیے متعدد اسکرینز/پیجز پلٹنے نہ پڑیں۔

آئی فونز یوزرز اب اپنی کار بھی اپنے فون سے کھول سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت صارف اپنے آئی فون یا ایپل واچ کے ذریعے کار کو ان لاک اور اسٹارٹ کر سکیں گے۔ فی الوقت کار کو ان لاک اور اسٹارٹ کرنے کی یہ سہولت بی ایم ڈبلیو فائیو کے 2021 ماڈل کے لیے ہی دستیاب ہو گی۔ کار کی یہ ڈیجیٹل چابیاں صارف میسیجز کے ذریعے دوسرے افراد مثلاً اپنے اہلخانہ سے بھی شیئر کر سکیں گے۔

ایپل کی جانب سے زبانوں کو ترجمہ کر سکنے والی نئی ایپ پیش کی جا رہی ہے جس میں انگریزی، عربی، جرمن، منڈارین، فرنچ، اطالوی، ہسپانوی، کورین، جاپانی، روسی اور پرتگالی زبان کا ترجمہ کیا جا سکے گا۔ دو مختلف زبانیں رکھنے والے افراد جب فون پر گفتگو کر رہے ہوں گے تو یہ ایپ ان کی گفتگو کا ترجمہ کر سکے گی۔

کم حجم کی ایپس کے تحت صارفین کے لیے "ایپ کلپ" فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت ہلکے پھلکے کاموں مثلاً کھانا یا گاڑی منگوانے کے لیے پوری ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے بجائے ان ایپس کا قدرے ہلکا حصہ استعمال کیا جا سکے گا۔ ایپل پے کے ساتھ انٹیگریٹ کی جا سکنے والی ان ایپس کے صارفین بعد میں ایپس کا مکمل ورژن بھی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ ایپ کلپ کوڈ یا کیو آر کوڈ اسکین کر کے استعمال کیا جا سکنے والا یہ فیچر میسیجز یا سفاری براؤزر کے ذریعے بھی شیئر کیا جا سکے گا۔

ایپل کی جانب سے میموجی کے فیچر میں مزید ہئیرسٹائلز، مختلف عمر اور فیس ماسک کے میموجی بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ ایپل کی چیٹنگ ایپ "آئی میسیجز" میں گروپ میسیجنگ کو بڑھتا دیکھ کر کمپنی نے یہ آپشن مہیا کیا ہے کہ اہم گفتگو کو پن کیا جا سکے۔ پروفیشنل سطح پر استعمال ہونے والی ایپلیکیشن سلیک کی طرز پر متعارف کرائی گئی تبدیلیوں کے تحت اب گروپ چیٹ میں دوسروں کو مینشن کرنا بھی ممکن ہو سکے گا۔ مینشن کیے گئے صارف کو نوٹیفیکیشن ملے گا کہ کسی نے انہیں مینشن کیا ہے۔

آئی او ایس 14 کن آئی فونز پر اپ ڈیٹ ہو سکے گا؟

ایپل کی جانب سے جاری کی گئی تفصیل کے مطابق آپریٹنگ سسٹم کی نئی اپ ڈیٹس آئی فون سکس ایس اور سکس ایس پلس سے لے کر آئی فون 11 تک کی تمام ڈیوائسز پر استعمال کی جا سکے گی۔

ٹیکنالوجی سے شغف رکھنے والے صارفین کے مطابق آئی فون سکس اور اس سے پرانی ڈیوائسز رکھنے والے نئی اپ ڈیٹ کو استعمال نہیں کر سکیں گے۔

ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس 2020 میں مزید کیا پیش کیا گیا؟

ایپل کی جانب سے ڈویلپرز کے لیے منعقد کیے جانے والے ایونٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی کو رواں برس وبائی صورتحال کی وجہ سے آن لائن منعقد کیا گیا ہے۔

ایونٹ میں اب تک ایپل کی جانب سے آئی او ایس 14 سمیت اسمارٹ واچ، میک کمپیوٹرز اور میک آپریٹنگ سسٹم میں متعدد تبدیلیوں اور اضافوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

میک کمپیوٹرز کے لیے ماضی میں انٹیل کی چپس استعمال ہوتی تھی البتہ اب ان کے لیے ایپل سیلیکون کے نام سے کمپنی نے اپنی چپس پیش کی ہیں۔ اس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے میک صارفین بھی اپنی ڈیوائسز پر آئی فون استعمال کرنے جیسے تجربے سے گزر سکیں گے۔

ایپل کے مطابق ڈویلپرز کانفرنس کے موقع پر میک آپریٹنگ سسٹم بگ سر، آئی او ایس 14، آئی پیڈ آپریٹنگ سسٹم 14، واچ آپریٹنگ سسٹم سیون اور ٹی وی آپریٹنگ سسٹم 14 سمیت 13 نئی ٹیکنالوجیز اور فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔