عرب ممالک کی 44 فلمیں نیٹ فلکس پر ریلیز کے لیے تیار
دنیا میں صف اول کی انٹرٹینمنٹ سروس نیٹ فلکس یوسف شاہین، یُوسری نصراللہ، ندین لباکی، مصطفیٰ عکاد، این میری اور لیلیٰ مراکی سمیت دیگر عرب ڈائریکٹرز کی 44 فلموں کی ایک نئی فہرست جاری کر رہی ہے۔
ان میں سے کئی ایسی سعودی فلمیں ہیں جو پہلی مرتبہ نیٹ فلکس پر ریلیز ہو رہی ہیں جیسا کہ نئی ریلیز ہونے والی سعودی تھرلر اور ڈرامہ سیریز "وسپرز"، ایوارڈ حاصل کرنے والی مختصر فلم "سکس ونڈوز ان دی ڈیزرٹ" اور سعودی عرب کی پہلی اینی میشن مووی "مسامیر" شامل ہیں۔
اس نئی فہرست میں موجود، شاہکار سنیمائی فلموں کے ذریعے عرب کی تفریحی دنیا کے ابھرتے ہوئے سٹارز کو صلاحیتیں دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے تاکہ وہ دنیا بھر میں اپنے مداحوں کی تعداد میں اضافہ کر سکیں۔
اب نیٹ فلکس کے صارفین کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ عرب دنیا کے فلمی ورثے پر بنی ہوئی فلموں کو دوبارہ دیکھ سکیں۔
ان فلموں کی کہانیوں کا تعلق متحدہ عرب امارات، کویت، مصر، لبنان، تیونس، مراکش، شام، الجیریا اور سوڈان سے ہے۔
نیٹ فلکس کے ڈائریکٹر کونٹینٹ نوہا الطیب کا کہنا ہے کہ 'ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر سے مزید لوگ ان عظیم کہانیوں کو دیکھیں اور ان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کی نمائندگی سکرین پر دیکھ سکیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہم سمجھتے ہیں کہ اچھی کہانیاں کہیں سے بھی ہوں، دنیا میں کسی بھی جگہ اور زبان سے قطع نظر دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کر ہی لیتی ہیں۔'
'ہم بڑے فخر سے عرب دنیا اور دنیا کے دیگر علاقوں کے نیٹ فلکس صارفین کو پرانی اور موجودہ دور کی فلمیں دیکھنے کے لیے پیش کر رہے ہیں۔'
ان میں سے کئی فلمیں پہلے ہی نیٹ فلکس پر موجود ہیں جبکہ اکثر فلموں کی دستیابی 18 جون سے شروع ہو گئی ہے۔
ان میں سے بیشتر فلمیں نیٹ فلکس کے 18 کروڑ 30 لاکھ ممبرز دیکھ سکیں گے۔ ان تمام فلموں کے ساتھ ان کے سب ٹائٹلز بھی عربی، انگریزی اور فرانسیسی زبان میں موجود ہوں گے۔
Comments are closed on this story.