اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد ایک اور افسوسناک خبر
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ اتوار کو مبینہ طور پر اپنے باندرہ کے فلیٹ میں پھندے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی تاہم ان کی یہ خودکشی اب تک مزید 3 افراد کی جان لے چکی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ کی موت کی خبر سن کر اُن کے کزن کی اہلیہ سُدھا دیوی یہ صدمہ برداشت نہ کرسکیں اور اگلے ہی روز وہ بھی دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔
سُدھا دیوی کینسر کی مریضہ تھیں، انہوں نے سشانت کی خودکشی کی خبر سن کر کھانا پینا بند کردیا تھا اور مسلسل رو رہی تھیں۔
اس کے علاوہ اب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد اُن کے 2 مداحوں نے بھی خودکشی کے ذریعے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ہے۔
اداکار کی خودکشی کی خبر سامنے آنے پر ایک 17 سالہ نوجوان لڑکی نے پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا جبکہ اب اتر پردیش سے بھی یہ خبر سامنے آئی ہے کہ سشانت سنگھ کے نوجوان مداح نے اداکار کی خودکشی کی خبر سننے کے بعد اپنی بھی جان لے لی۔
واضح رہے کہ خودکشی کرنے والی 17 سالہ لڑکی امتحانات میں ناکامی کی وجہ سے پہلے ہی ڈپریشن کا شکار تھی جبکہ سوشل میڈیا پر اداکار کی خودکشی سے متعلق خبریں پڑھ پڑھ کر وہ مزید دماغی دباؤ کا شکار ہوئی اور اس نے انتہائی قدم اٹھالیا۔
Comments are closed on this story.