Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبر پختونخوا کا مالی سال 21-2020کےلئے 923 ارب روپے کا بجٹ پیش

اپ ڈیٹ 19 جون 2020 05:15pm

 

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مالی سال 21-2020کےلئے 923 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔ بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لئے317 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے اسمبلی میں بجٹ پیش کیا۔

بجٹ میں 24 ارب روپے کورونا ایمرجنسی پروگرام کے لئے رکھے گئے ہیں۔صحت کے شعبے کےلئے 124 ارب روپے، تعلیم کےلئے 30 ارب، زراعت کےلئے 14 ارب اور توانائی کےلئے 11 ارب 43 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق قبائلی اضلاع کےلئے مجموعی طور پر 183 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں جس میں 12 ارب روپے کی بیرونی امداد بھی شامل ہے۔ صوبائی ترقیاتی پروگرام سے 24 ارب روپے جبکہ سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کےلئے 2 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبہ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ تاہم 27 مختلف شعبوں میں سروسز پر سیلز ٹیکس کی شرح 8 سے کم کرکے 5 فیصد کر دی گئی ہے۔ مختلف کاروباروں کو رجسٹریشن کی شرط پر ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔