Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

شروع کے دو تین دن بہت سخت تھے مگر الحمدللہ اب بہتر ہوں، شاہد آفریدی

شائع 17 جون 2020 03:55pm

عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ شروع کے دو تین دن بہت سخت تھے مگر الحدللہ اب بہتر ہوں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کل سے اپنی صحت کو لے کر افواہیں سُن رہا ہوں تو میں بتانا چاہتا ہوں کہ شروع کے دو تین دن بہت سخت تھے لیکن الحمدللہ جیسے جیسے دن گزرتے گئے ویسے طبیعت بہتر ہوتی جارہی ہے۔

بوم بوم کا کہنا ہے کہ اس بیماری کو بہت زیادہ سر پر چڑھانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کسی بیماری سے جب تک آپ خود نہیں لڑیں گے آپ اس کو نہیں ہرا سکتے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میرے لئے سب سے زیادہ مشکل بات یہ ہے کہ میں اپنے بچوں کو ہاتھ نہیں لگا پارہا اور انہیں پیار نہیں کر پارہا۔

سابق کپتان کا مزید کہنا ہے کہ میں اپنی سب سے چھوٹی بیٹی اروا کو بہت زیادہ مس کررہا ہوں لیکن احتیاط ضروری ہے کیونکہ آپ محفوظ ہیں تو سامنے والا بھی محفوظ رہے گا۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اس بات کا علم تھا کہ مجھے بھی یہ بیماری لگے گی کیونکہ میرا ٹریول بہت زیادہ تھا۔ لیکن میں اس بات پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ یہ بیماری مجھے پہلے نہیں ہوئی ورنہ میں اتنا ٹریول کرکے عوام کی خدمت نہیں کر پاتا۔