این سی او سی : اسپتالوں میں آکیسجن بیڈز بڑھانے کا فیصلہ
این سی او سی نے ملک بھر کے اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ ایف ڈبلیو او کے 35 روز میں تیار ہونے والے 250 بیڈ کے اسپتال کیلئے آلات کی خریداری کی منظوری آج دی جائے گی ۔
ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں خصوصی پیکیج کو بھی آج حتمی شکل دی جائے گی ۔ صوبوں کو مزید وینٹی لیٹرز بھی فراہم کر دیئے گئے ۔
این سی او سی کے مطابق تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں رواں ماہ کے آخر تک 1000 آکسیجن بیڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ جبکہ ایف ڈبلیو او کے تحت بننے والے 250 بیڈ کے انفیکشئس اسپتال کے لئے آلات کی خریداری کی منظوری آج دی جائے گی ۔ وبائی امراض کیلئے مشتمل اسپتال کورونا کے علاوہ دیگر وبائی امراض میں بھی استعمال ہو گا ۔
اسپتال کے 5 وارڈ ہیں اور ہر وارڈ میں انتہائی نگہداشت کا یونٹ بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔ این سی او سی کے مطابق ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں خصوصی پیکیج کو بھی آج حتمی شکل دی جائے گی ۔
رواں ہفتے میں این سی او سی نے این ڈی ایم اے کے ذریعے سندھ کو 52 وینٹی لیٹرز حوالے کر دیئے ہیں جبکہ آئندہ دو سے تین روز میں مزید 50 وینٹی لیٹرز صوبائی حکومت کے حوالے کر دیئے جائیں گے ۔ خیبرپختونخوا میں مردان، نوشہرہ،صوابی اور پشاور کے اسپتالوں میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔
اس کے علاوہ پنجاب کو 72 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کئے جا چکے ہیں ۔ بلوچستان حکومت کو 10 وینٹی لیٹرز فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مزید 10 وینٹی لیٹر دیئے جا رہے ہیں ۔ این سی او سی کے مطابق ہنگامی صورت میں مزید بیڈز کی فراہم کا منصوبہ بھی تیار ہے ۔
Comments are closed on this story.