Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گرمیوں میں میک اپ کیسا ہونا چاہیے؟

اپ ڈیٹ 01 جون 2020 08:06am

مسرت مصباح میک اپ انڈسٹری کا ایسا نام ہیں جنہوں نے میک اپ کی دنیا میں مختلف تجربات کیے اور ان کے ہر تجربے کو بہت زیادہ سراہا گیا۔ آج خواتین کی ایک بڑی تعداد ان کے میک اپ اور ہیئر سٹائل کے انداز کی مداح ہے۔

انہوں نے اس بار موسم گرما کے میک اپ ٹرینڈز اور ہیئر اسٹائلز پر بات کی اور کہا کہ چونکہ گرمی کا موسم  ہے اس لیے سافٹ میک اپ کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ میک اپ کرنے سے پہلے جلد کی بھرپور انداز میں تیاری کریں سب سے پہلے آپ اپنے چہرے کو اچھی طرح صاف کریں، اس کے بعد موئسچرائز کریں، اگر آپ محسوس کر رہی ہیں کہ چہرے پر آئل یا خشکی زیادہ ہے تو پرائمر کا استعمال کریں۔ بازار میں ایسے پرائمر دستیاب ہیں جو خشک اور آئلی جلد کے حساب سے بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جلد کی مکمل تیاری کے بعد میک اپ کا سلسلہ شروع کریں۔ جیسا کہ اس بار سافٹ اور گلوئنگ میک اپ فیشن میں ہے اس لیے ہلکی سی بیس کے بعد ہائی لائٹر لگائیں اس کے بعد آنکھوں کی شیپ کو برش کی مدد سے اچھا کریں لائنر اور مسکارا لگائیں فریش کلرز گالوں پر لگائیں تاکہ آپ کو دیکھ کر تازگی کا احساس ہو۔

مسرت مصباح نے زور دیا کہ میک اپ کی چیزیں خریدتے وقت کمپرومائز نہیں کرنا چاہیے، سستی چیزیں خرید کر چہرے کی جلد کو داؤ پر نہ لگائیں یا ایسی پراڈکٹس نہ خریدیں جن کے بارے میں جادوئی دعوے ہوں، جیسے کہ چار گھنٹوں میں گورا ہو جائیں گی، ایسی پراڈکٹس کے تو پاس سے بھی نہ گزریں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اب میک اپ سے قبل جلد کی بھرپور انداز میں تیاری کی جاتی ہے لیکن پہلے ایسا نہیں تھا، پہلے چہرہ دھو کر اس کو موئسچرائز کر کے ڈائریکٹ میک اپ شروع کر دیا جاتا تھا، لیکن اب صرف موئسچرائز کرنے کو کافی نہیں سمجھا جاتا۔

اسکن اور میک اپ کو فریش رکھنے کے لیے ایک گھریلو ٹوٹکا یہ بھی ہے کہ گھر کے فریج میں روز واٹر رکھیں اور کچن میں کام کے دوران یا ویسے ہی روٹین میں ہر تھوڑی دیر کے بعد چہرے پر روز واٹر کا سپرے کریں اور ٹشو پیپر کے ساتھ اس کو ٹیب کرتے رہیں، اگر آپ روز واٹر استعمال نہیں کرنا چاہتیں تو پھر منرل واٹر کو فریج میں رکھ لیں اور روز واٹر کی طرح چہرے پر سپرے کرتی رہیں، اس سے تازگی کا احساس ہو گا اور سکن بھی گلو کرے گی۔

آنکھوں کا میک اپ گہرا کرنا ہو تو کیا لپ اسٹک ہلکی لگانی چاہیے اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض دفعہ سافٹ رنگ کے ساتھ آنکھوں کا گہرا میک اپ اچھا لگتا ہے لیکن بعض اوقات سموکی آنکھوں کے ساتھ گہری لپ اسٹک بھی اچھی لگتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جب بھی میک اپ کریں، خود کو تنقیدی نظر سے ضرور دیکھیں کہ کیا چیز آپ کو سوٹ کر رہی ہے اور کیا نہیں۔ گھریلو خواتین جنہوں نے سارا دن کچن میں گزارنا ہوتا ہے وہ خود بھی ہلکا پھلکا میک اپ کر کے کچن میں کھڑی ہو سکتی ہیں تاکہ مہمان آئیں تو انہیں یہ نہ لگے کہ کچن میں کھڑی خاتون بالکل بھی تیار نہیں ہے۔

ہلکے میک اپ کے لیے بھی انہوں نے واضح کیا کہ سکن کو پہلے ہائیڈریٹ ضرور کریں، روز یا منرل واٹر کا سپرے کریں، پھر موئسچرائز کریں، چاہے موئسچر پرائمر کے ساتھ ملا کر لگائیں۔

برش کی مدد سے آئی بروز کو سیدھا کریں، لپ گلوز لگائیں لائنر اور مسکارا لگائیں، سافٹ کلرز آنکھوں پر لگائیں، اگر کہیں با ہر جا رہی ہیں تو آنکھوں کے کونوں کو گہرائی دینے کے لیے ڈارک براﺅن کلر کا استعمال کریں کیونکہ اب کالے رنگ کے کونے بنانے فیشن آﺅٹ ہو چکا ہے۔

آج کل کون سے ہیئر سٹائل فیشن میں ہیں، مسرت مصباح کا کہنا تھا کہ گرمی کے موسم میں زیادہ ہیوی سٹائل اچھے نہیں لگتے۔ کسی تقریب میں جانا ہو تو بالوں میں کرلز کرنے کے ساتھ ساتھ آج کل سٹریٹ کیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ ہائی پونی فیشن کے ٹرینڈز میں ہے۔ اگر تو چھوٹے بال ہیں تو پھر تو آپ کے پاس کوئی خاص چوائس نہیں ہے کیونکہ چھوٹے بالوں کے زیادہ ہئیر سٹائل بن نہیں سکتے۔

جس طرح کا بالوں کا کٹ ہے اس حساب سے دیکھنا پڑتا ہے کہ اس کا کیا کیا جا سکتا ہے، اگر لمبے بال ہیں تو ان کے مختلف سٹائل بنا کرتجربات کیے جا سکتے ہیں۔ لمبے بالوں کی چٹیا بنائی جا سکتی ہے، چٹیا گردن کے اوپر جوڑے کی طرح جوڑے کی پنوں سے ایڈجیسٹ کی جا سکتی ہے۔ اگر آپ کا ماتھا یا چہرہ چوڑا ہے تو آپ کانوں سے پاس سے لٹیں نکال سکتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مسرت مصباح نے کہا کہ ہمارے ہاں گورا رنگ کرنے کے لیے طرح طرح کے تجربے کیے جاتے ہیں، جو کہ ٹھیک بات نہیں ہے۔

کبھی بھی رنگ گورا کرنے کے لیے بلیچ کا استعمال نہ کریں، اگر آپ اپنے رنگ کو بہتر کرنا چاہتی ہیں تو کسی اچھی بیوٹیشن کے پاس جائیں اور اس سے کنسلٹ کرنے کے بعد اچھے پراڈکٹس استعمال کریں۔

مسرت مصباح خود کس قسم کا ہیئر سٹائل اور میک اپ پسند کرتی ہیں؟

ان کا کہنا ہے کہ مجھے گردن پر بال اچھے نہیں لگتے اس لیے میں بال اونچے کر کے بناتی ہوں، اس کے علاوہ آئی بروز پر بہت زیادہ ورک کرتی ہوں اورہمیشہ سافٹ میک اپ کو ترجیح دیتی ہوں۔