Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپنے ہی بنائے ہوئے قانون توڑنے پر وزیراعظم کو جرمانہ

اپ ڈیٹ 31 مئ 2020 07:39am

رومانیہ کے وزیراعظم کو اپنے ہی بنائے ہوئے قانون توڑنے پر جرمانہ ادا کرنا پڑ گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصویر میں وزیر اعظم لوڈووک اوربن کو وزراء کے درمیان سماجی دوری کے قانون کو نظر اندز کرتے ہوئے سگریٹ پیتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کی کورونا کے باعث قانوناً ممانعت ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر اعظم لوڈووک اوربن پر جرمانہ اس وقت عائد کیا گیا جب ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ سماجی دوری کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزراء کے درمیان بیٹھے سگریٹ نوشی کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ تصویر رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم کی سالگرہ کے موقع پر لی گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ وزیر اعظم لوڈووک اوربن پر اس عمل کی وجہ سے دوہرا جرمانہ عائد کیا گیا ہے، ایک ماسک نہ پہننے پر جبکہ دوسرا لوگوں کے درمیان بیٹھ کر سگریٹ نوشی کرنے پر، رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم لوڈووک اوربن کو مجموعی طور پر 673 امریکی ڈالر کا جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رومانیہ کی سرکاری نیوزایجنسی نے حکومتی ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم جانتے ہیں کہ قوانین کی پاسداری تمام شہریوں کو کرنی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ اس بات سے قطع نظر کہ ان کا عہدہ کیا ہے، قوانین کی پاسداری لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قانون توڑا جائے گا تو پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔