Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

'آج تک کسی کو بددعا نہیں دی مگر تم لوگوں کو دل سے بددعا دے رہا ہوں'

اپ ڈیٹ 28 مئ 2020 06:29am

معروف اداکار جاوید حکومتی اداروں کی جانب سے ہونے والی مبینہ ذیادتی پر نالاں ہیں اور حکومت کیخلاف سیخ پا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر اس حکومت نے اچھے کام نہ کئے تو جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے، لوگوں کی بددعاﺅں کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاوید کوڈو گیس کا بل زیادہ آنے پر نالاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں نے اس فنِ اداکاری میں 37 سال گزارے ہیں، میری ایک ٹانگ میں فالج ہے اور ایک ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے جبکہ برین ہیمرج اور دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے علاوہ بڑی آنت پھٹ جانے کی وجہ سے آپریشن بھی ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے امی ابو کے پانچ مرلے کے گھر میں رہتا ہوں اور مجھے سوئی گیس کا بل 14 ہزار، 13 ہزار، 5 ہزار، 21 ہزار اور اب 24 ہزار آگیا ہے، کیا یہ انعام دینا چاہتے ہیں مجھے؟ میری مدد کرنے کے بجائے مجھے اور ستایا جا رہا ہے اور میری ایک بات یاد رکھیں، حکومت تمہاری نہیں بلکہ حکومت صرف اللہ اور نبوت سرکار دو عالم ﷺ کی ہے جبکہ تمہاری صرف اور صرف ڈیوٹی لگی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تم لوگوں نے اچھے کام کئے تو دعائیں لے جاﺅ گے اور اگر اچھے کام نہ کئے تو جو کچھ تمہارے ساتھ ہو رہا ہے، بد دعاﺅں کے ساتھ اس میں اور بھی اضافہ ہو گا جو تمہاری قبروں میں بھی جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آج تک کسی کو بد دعا نہیں دی لیکن میں تم لوگوں کو دل سے بد دعا دے رہا ہوں کیونکہ مجھے ستا کر رکھ دیا ہے تم لوگوں نے، میں چار سال سے بیمار ہوں اور چھ ماہ سے گھر بیٹھا ہوا ہوں، ان حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے۔