Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارطغرل کی جانب سے پاکستانیوں کو اردو میں عید کی مبارکباد

ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے مرکزی کردار اداکار انجن التن نے اپنے پاکستانی مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ 'اسلام علیکم بہن بھائیوں! میرے پاس آپ سب کی ناقابل یقین محبت اور پذیرائی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں جو آپ پی ٹی وی کے 'ارطغل غازی' اردو کو دے رہے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں پی ٹی وی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے 'ارطغرل غازی' کو آپ تک پہنچایا۔

ویڈیو کے اختتام میں 'ارطغرل' نے کہا کہ سلامت رہو بہنوں اور بھائیوں! سلامت رہو پاکستان'۔ ویڈیو ملاحظہ کریں۔

واضح رہے کہ 'ارطغرل غازی' ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں “سلطنت عثمانیہ” کے قیام سے قبل کی ہے اور ڈرامے کی مرکزی کہانی 'ارطغرل' نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں 'ارطغرل غازی' بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ڈرامے کو ترکی کا 'گیم آف تھرونز' بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13 ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13 ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کئے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جاچکا ہے۔ یہ ڈرامہ پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے۔

اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈرامہ 'نیٹ فلیکس' سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔