Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

'ارطغرل ڈرامے نے "میرا جسم میری مرضی" کا نعرہ دفن کردیا'

پاکستان کی نامور اداکارہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ 'ارطغرل'ڈرامے کی مقبولیت نے 'میرا جسم میری مرضی'کے نعرے کو دفن کردیا ہے۔

اداکارہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ 'ترک ڈرامہ ارطغرل ترکی سے زیادہ پاکستان میں مقبول ہو رہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام کی سوچ اور پسند آج بھی اسلامی روایات کے مطابق ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اس ڈرامے کی مقبولیت نے "میرا جسم میری مرضی" نعرے کو دفن کردیا ہے'۔

وینا ملک نے مزید لکھا کہ 'پاکستانی انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچنا ہے تو مغربی کلچر کو چھوڑنا ہوگا'۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر چلنے والا ترک ڈرامہ ارطغرل کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑتا چلا جارہا ہے۔ یہ ڈرامہ نہ صرف ریٹنگ میں ٹاپ پر ہے بلکہ یوٹیوب پر بھی بے تحاشہ ویوز حاصل کر رہا ہے۔

اس ڈارمے کی وجہ سے پاکستان ٹیلی ویژن نے ایک نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ ارطغرل غازی کو صرف 18 دنوں میں یوٹیوب پر 100 ملین یعنی 10 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ ارطغرل غازی ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں “سلطنت عثمانیہ” کے قیام سے قبل کی ہے اور ڈرامے کی مرکزی کہانی “ارطغرل” نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں “ارطغرل غازی” بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں کام کرنے والے تمام اداکار راتوں رات پاکستان میں اس حد تک مقبول ہوگئے کے ان کی فین فالوونگ میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ڈرامے کو ترکی کا “گیم آف تھرونز” بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ سے قبل کی ارطغرل کی حکمرانی، بہادری اور محبت کو دکھایا گیا ہے۔

یہ ڈرامہ پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60 ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔ یہ ڈراما پانچ سیزن اور مجموعی طور پر 179 قسطوں پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014 میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما “نیٹ فلیکس” سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔