Aaj News

جمعہ, نومبر 01, 2024  
28 Rabi Al-Akhar 1446  

حلیمہ سلطان کے بعد 'ارطغرل' کی ایک اور اداکارہ کا پاکستان آمد کا اعلان

گزشتہ روز ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل' کی مرکزی اداکارہ حلیمہ سلطان (اسرا بلجیک) کے پاکستان آمد کے اعلان کے بعد ایک اور اداکارہ نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق 28 سالہ ترکش اداکارہ اسرا بلجیک کی جانب سے نبھائے گئے کردار 'حلیمہ سلطان' کو گزشتہ 3 ہفتوں سے پاکستان میں بھرپور محبت مل رہی ہے اور مداح اپنی محبت کا اظہار ان کی انسٹاگرام پوسٹس پر کمنٹس کے ذریعے کررہے ہیں اور اداکارہ کو پاکستان آمد کی دعوت دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: عمران خان “ارطغرل” تو “حلمیہ سلطان” بنیں گی حریم شاہ!

ایسے میں گزشتہ روز ترکش اداکارہ نے انسٹاگرام پر پاکستانی مداحوں کو کمنٹس میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی پاکستانی مداحوں سے ملنے کیلئے بے تاب ہیں۔ تاہم اب اس ڈرامے کی ایک اور اداکارہ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وباء کے اختتام پر وہ بھی پاکستان آئیں گی۔

ڈرامے میں اصلحان خاتون کا کردار نبھانے والی اداکارہ گلثوم علی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ آپ کے قیمتی کلمات نے مجھے بے حد خوش کردیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں اس سے قبل پاکستان کبھی بھی نہیں آئی ہوں لیکن کورونا وباء کے بعد آپ سے ملنے ایک دن ضرور وہاں آؤں گی، تب تک آپ اپنا بہت خیال رکھیں۔

آخر میں انہوں نے لکھا پاکستان، پاکستان جیوے پاکستان۔

واضح رہے کہ ڈرامہ 'ارطغرل' وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر یکم رمضان المبارک سے اردو میں ڈب کرکے پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔ اس ڈرامے کو 2014 میں پہلی بار ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا تھا اور اب تک اسے 60 سے زائد مختلف زبانوں میں ڈب کرکے نشر کیا جاچکا ہے۔