Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں کورونا ٹیسٹنگ میں ریکارڈ اضافہ

شائع 16 مئ 2020 03:33pm

ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ایک روز میں 14 ہزار 878 ٹیسٹ کئے گئے ۔

وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد صرف عوام کو آگاہی دینے سے ہی ممکن ہے ۔ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو مزید بڑھانا ہو گا۔

 وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرِ صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا ۔ جس میں کورونا وباء سے پیدا ہونے والی صورت حال سمیت درپیشن چیلنجز اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔

فورم کو بتایا گیا کہ ملک کی ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ہزار 878 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جو اب تک ایک روز میں کئے جانے والے سب سے زیادہ ٹیسٹ ہیں ۔

اسد عمر نے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بڑھانے پر زور دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد صرف عوام کو آگاہی دینے سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے صحت سمیت تمام شعبوں میں استعداد بڑھا رہا ہے ۔ ایس او پیز کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد کے بھی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ شرکاء نے رائے دی کہ جس مارکیٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد نا ہو رہا ہو اسے بند کر دینا چاہیئے ۔

اس موقعے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں تنظیموں کے ساتھ مل کر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔

وزیر صنعت و پیداوار پنجاب میاں اسلم اقبال نے بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 336 وارننگ لیٹر جاری کئے گئے ۔ جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بند نا ہوئیں ان مارکیٹوں کو سیل کر دیا جائے گا ۔

اجلاس کے دوران این سی او سی کو ماہرین کی جانب سے مئی اور جون میں وائرس کی شدت اور طبی سہولیات پر بریفنگ بھی دی گئی۔