Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آج سے اندرونِ ملک محدود پیمانے پر فلائٹ آپریشن کا آغاز

شائع 16 مئ 2020 05:20am
فائل فوٹو

ملک میں آج سے محدود پیمانے پر فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

پی آئی اے اور نجی ائیرلائنز آج سے اندرون ملک آپریشن شروع کررہی ہیں  جس میں لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں پروازیں چلائی جائیں گی۔

پرواز کی روانگی سے قبل طیارے میں اسپرے کے بعد سول ایوی ایشن سے سرٹیفکیٹ لینا لازمی ہوگا، 5 مخصوص ائیرپورٹس پر اندرون ملک روانگی اور آمد پرڈس انفیکٹنٹ اسپرے کیا جائے گا۔

ائیرپورٹ اسٹاف اور مسافر پارکنگ ایریاز سے آگے نہیں جاسکیں گے اور  ہر قسم کا پروٹوکول ختم کر دیا گیا ہے، جب کہ کریو کے لیے حفاظتی لباس، این 95 ماسک اور سرجیکل گلوز کا استعمال لازمی ہوگا، اس کے علاوہ مسافروں کو پرواز میں کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی پروازوں کی معطلی میں 30 مئی تک توسیع کردی تاہم بیرون ملک 7 ہزار پاکستانیوں کو عید سے پہلے واپس لانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت امریکا سے 12 پروازیں مسافروں کو وطن لائیں گی جب کہ ووہان اور چین میں پھنسے طالب علموں کو لینے پرواز 18 مئی کو روانہ ہوگی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے چین میں پھنسے طلبا کے والدین سے ملاقات کی اور کہا کہ حکومت ان طلبا کی وطن واپسی کےلیے رعایتی ائیرٹکٹس کی سہولت فراہم کرے گی، 18 مئی کو چین سے 300 طلبا کو وطن واپس لایا جائے گا۔