'اگر دو چار ماہ کرکٹ نہ ہوئی تو۔۔' عاقب جاوید نے خبردار کردیا
لاہور: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اگر دو چار ماہ کرکٹ نہ ہوئی تو تمام بورڈز دیوالیہ ہو جائیں گے، حفاظتی تدابیر اختیار کرکے بہت آسانی سے کرکٹ کروائی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ کروا کر ایک جگہ رکھ کر ایک فیملی کی طرح محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ ٹیموں کے جانے سے 24 گھنٹے پہلے دوبارہ ایک بار پھر ٹیسٹ کروا لیے جائیں۔
انہوں نے مزید تجویز دی کہ ٹیسٹ ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو کسی سے ملنے نہ دیا جائے تو میچز ہوسکتے ہیں۔ سیریز سے قبل گراؤنڈ اسٹاف کے بھی کورونا ٹیسٹ کئے جائیں اور انہیں قرنطینہ میں رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراوڈ کو ٹکٹ خریدتے وقت کہا جائے کہ میچ کے روز کورونا ٹیسٹ رپورٹ لے کر آئیں۔ فینز کے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد اسٹیڈیم میں فاصلے پر بٹھایا جائے۔
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ 30 ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں 5 ہزار شائقین کو بٹھا کر میچز ہوسکتے ہیں۔ یہ اقدام اٹھا کر فینز کے ساتھ کرکٹ کی واپسی ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے میں ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے، تب تک نہ کرکٹ بچے گی نا کوئی کرکٹ بورڈ بچ پائے گا۔
Comments are closed on this story.