Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی تحقیقاتی کمیشن میں مجھے ضرور بلایا جائے، اسد عمر

شائع 11 مئ 2020 08:53am
فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ چینی تحقیقاتی کمیشن وزیراعظم عمران خان کو نہیں لیکن مجھے ضرور بلائے۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان نے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے اور وزیراعظم عمران خان کو چینی کی قیمتوں میں اضافے کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے بلاکر چینی برآمد کرنے کی اجازت کے فیصلے کے بارے میں پوچھ گچھ کرنی چاہیے۔

اسد عمر نے کہا کہ کابینہ نے یہ فیصلہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارش پر کیا تھا، اگر کوئی سوال ہے تو وزیراعظم سے نہیں بلکہ مجھ سے پوچھا جائے، کمیشن سے درخواست ہے کہ مجھے ضرور بلائے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور چیئرمین انکوائری کمیشن واجد ضیا کو خط لکھ کر آٹا اور چینی بحران کی تحقیقات میں مکمل تعاون و معاونت کی پیش کش کی تھی جسے قبول کرتے ہوئے کمیشن نے انہیں بلایا تھا۔

شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر دو روز قبل انکوائری کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تھے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا چینی کی قیمتیں ای سی سی اور کابینہ کی وجہ سے بڑھیں جس کی ذمہ دار حکومت ہے، ۔ہم نے کمیشن سے کہا ہے کہ وزیراعظم، ای سی سی اور کابینہ کے ممبران کو بلا کرپوچھا جائے کہ ایکسپورٹ کو روکا کیوں نہیں گیا۔